کرم تنگی ڈیم قومی اہمیت کا حامل منصوبہ ہے‘جنوبی اضلاع اس سے مستفید ہوںگے‘ ہمایون سیف الله خان

پیر 20 مارچ 2017 12:58

لکی مروت۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 مارچ2017ء) سینئر پارلیمنٹرین ہمایون سیف اللہ خان نے کرم تنگی ڈیم کا سنگ بنیاد رکھنے پر وزیر اعظم محمد نواز شریف ،گورنر خیبرپختونخواانجنیئر اقبال ظفر جھگڑا ،وفاقی وزیر پانی وبجلی خواجہ آصف کا تہہ دل سے شکر یہ ادا کرتے ہوئے وزیر اعظم محمد نوازشریف کو دورہ لکی مروت کی دعوت دی ہے اور کہا ہے کہ وزیر اعظم محمد نوازشریف کا وژن دورافتادہ اورپسماندہ علاقوںکو ترقی کے دائرے میں لانا ہے اس لحاظ سے ان کا دورہ لکی مروت انتہائی نیک شگون ثابت ہوگا۔

ان خیالات کا اظہار انہوںنے سابق ایم این اے غلام الدین خان کی قیادت میں عمائدین لکی مروت کے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کیا ۔وفد نے کرم تنگی ڈیم منصوبے پر عملی جامہ پہنانے پر سیف اللہ برادران کو خراج تحسین پیش کیا اور وزیر اعظم سے دورہ لکی مروت جلد کرانے کا بھی پرزور مطالبہ کیا۔

(جاری ہے)

ہمایون سیف اللہ خان نے کہا کہ و زیر اعظم نوازشریف جنوبی اضلاع کے بنوں،ڈی آئی خان اور کوہاٹ اضلا ع کا پہلے ہی دورہ کرچکے ہیںجبکہ لکی مروت کا دورہ باقی ہے اوراہلیان لکی مروت ان کے دورے کے منتظر ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم میاں محمدنوازشریف 1992میںان کے درخواست پر لکی مروت آئے تھے تو اس پسماندہ علاقے کو ضلع اور بنوں کو ڈویژن کا درجہ ملاجو کہ یہاں کے عوام پر ایک عظیم احسان ہے۔انہوںنے کہا کہ وزیر اعظم کی لکی مروت آمد سے ترقی اور خوشحالی کی نئی راہیں کھلیں گی۔انہوںنے کہا کہ کرم تنگی ڈیم قومی اہمیت کا حامل منصوبہ ہے اس سے جنوبی اضلاع میں پائیدار ترقی اور خوشحالی ائیگی اور آبنوشی وآبپاشی اوربجلی کے درپیش مسائل کا خاتمہ ہوسکے گا۔

متعلقہ عنوان :