سعودی عرب کے کئی شہر غبار آلود موسم کی لپیٹ میں،تعلیمی سرگرمیاں معطل

سانس کی تکلیف والے مریض بلا ضرورت گھر سے نہ نکلیں اور ڈرائیور حضرات احتیاطی تدابیر اختیار کریں،محکمہ موسمیات

پیر 20 مارچ 2017 12:01

سعودی عرب کے کئی شہر غبار آلود موسم کی لپیٹ میں،تعلیمی سرگرمیاں معطل
ریاض(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 مارچ2017ء) دنیابھر کی طرح سعودی عرب کے موسم میں بھی تبدیلی آرہی ہے، جدہ ، مکہ مکرمہ،مدینہ منورہ ریجن اور کئی شہر غبار آلود موسم کی لپیٹ میں ہیں۔پیرکی صبح سے ہی سعودی عرب کے بیشتر علاقوں میں تیز بارش اور برف باری بھی ہوئی۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق سعودی شہروں بیشہ،شقراء ،بریدہ قصیم،مکہ مکرمہ،جیزان اور حرمین شاہراہ پر حدنظر صفر رہا جس سے مختلف مقامی پروازیں بھی متاثر ہوئیں۔

(جاری ہے)

بیشتر مقامی اور غیر ملکی اپنے گھروں میں محصور ہو کے رہ گئے ہیں اور اسپتالوں میں ایمرجنسی جیسی صورتحال ہے کیونکہ کھانسی، حلق کی تکالیف اور سانس و دمہ کے مریض فوری طبی امداد کیلئے مختلف کلینک پہنچے ۔دمام میں بارش ہونے سے موسم خوشگوار ہوگیا ہے، سعودی دارالحکومت ریاض میں بھی موسم ابر آلود اور تیز ہوائیں چلنے کی اطلاع ہے۔مدینہ منورہریجن،حائل،تبوک، الجوف میں بھی تیز ہوائوں کے ساتھ گروغبار کاطوفان جاری رہا۔محکمہ شہری دفاع نے شہریوں اور غیرملکیوں کو خبردار کیاکہ سانس کی تکلیف والے مریض بلا ضرورت گھر سے نہ نکلیں اور ڈرائیور حضرات احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔دوسری جانب وزارت تعلیم نے پیرکوتعلیمی سرگرمیاں معطل کرنے کا اعلان کیا ہے۔