پاکستان پیپلز پارٹی نے مردم شماری کے طریقہ کار کو سندھ ہائیکورٹ میں چیلنج کر دیا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین پیر 20 مارچ 2017 11:18

پاکستان پیپلز پارٹی نے مردم شماری کے طریقہ کار کو سندھ ہائیکورٹ میں ..
کراچی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 20 مارچ 2017ء) : پاکستان پیپلز پارٹی نے مردم شماری کے طریقہ کار کو سندھ ہائیکورٹ میں چیلنج کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما فرحت اللہ بابر نے سندھ ہائیکورٹ میں آئینی درخواست دائر کی۔فرحت اللہ بابر نے فاروق ایچ نائیک کے توسط سے درخواست دائر کی۔ درخواست میں وفاقی حکومت، ادارہ شماریات اور دیگر کوفریق بنایا گیا ہے۔

درخواست میں کہا گیا کہ مردم و خانہ شماری سے متعلق کئی اہم معلومات کو خفیہ رکھا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مردم و خانہ شماری آئین کے مطابق ہونی چاہئیے۔ مردم و خانہ شماری سے متعلق معلومات کو خفیہ رکھنا غیر آئینی ہے۔ درخواست میں مطالبہ کیا گیا کہ یومیہ فراہم کی جائیں۔فرحت اللہ بابر نے موقف اپنایا کہ مردم شماری کے طریقہ کار پر دیگر صوبوں میں بھی تحفظات کا اظہار کیا جا رہا ہے۔

(جاری ہے)

جبکہ مردم شماری کے طریقے پر معاشرے کے ہر طبقے کو تحفظات ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ مردم و خانہ شماری کی معلومات خفیہ نہ رکھی جائیں، کیونکہ معلومات تک رسائی ہمارا بنیادی حق ہے۔ میڈیا سے بات کرتے ہوئے فرحت اللہ بابر نے کہا کہ ہمیں مردم شماری پر تحفظات ہیں۔ انہوں نے کہا کہ معاملہ شفاف نہ ہواتو وفاق اور اس کی وحدت کے لیے خطرناک ثابت ہو سکتا ہے۔

مردم شماری 19 سال بعد ہو رہی ہے تاکہ اختیارات کی از سر نو تقسیم ہو۔ ہمارا بنیادی مطالبہ اس عمل کو شفاف بنانا ہے۔ اس عمل پر تمام طبقات نے خدشات اور تحفظات کا اظہار کیا۔ معلومات تک رسائی عوام کا بنیادی اور آئینی حق ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ مردم شماری کے طریقہ کار میں آئین سے متصادم شقوں کو ختم کیا جائے۔ غلط معلومات کی شکایات کے ازالے کا مکینزم ہونا چاہئیے۔ اہم معلومات کو ویب سائٹ پر بھی ڈالا جائے تاکہ معلومات کا علم سب کو ہو۔ میڈیا سے گفتگو میں فرحت اللہ بابر نے کہا کہ ہم دوبارہ مردم شماری کا مطالبہ نہیں کر رہے، بلکہ ہمارا مطالبہ یہ ہے کہ موجودہ طریقہ کار کو ہی شفاف بنایا جائے۔