پاکستان کو 1996ء تا 2015ء ، 133 قدرتی آفات سے 3823.17 ملین ڈالر کا نقصان ،سیلابوں سے قومی معیشت پر سالانہ 1.2 تا 1.8 ارب ڈالر کا بوجھ پڑ رہا ہے،عالمی بینک کی رپورٹ

پیر 20 مارچ 2017 10:31

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 مارچ2017ء) موسمیاتی تغیرات کے باعث قدرتی وسائل کو نقصان کا سامنا ہے جبکہ سیلابوں، بارشوں سمیت دیگر مختلف قدرتی آفات کی وجہ سے قومی بجٹ کو سالانہ 3 تا 4 فیصد کا خسارہ برداشت کرنا پڑتا ہے۔ عالمی بینک کی رپورٹ کے مطابق صرف سیلابوں کے باعث مجموعی قومی پیداوار (جی ڈی پی) کو 0.5 تا 0.8 فیصد کا سالانہ نقصان پہنچ رہا ہے۔

(جاری ہے)

رپورٹ کے مطابق سیلابوں سے قومی معیشت پر سالانہ 1.2 تا 1.8 ارب ڈالر کا بوجھ پڑ رہا ہے۔ گلوبل کلائمیٹ رسک انڈیکس 2017ء کے مطابق موسمی تعیرات سے متاثرہ ممالک میں پاکستان کا نمبر ساتواں ہے۔ رپورٹ کے مطابق سال 1996ء سے لے کر 2015ء کے دوران پاکستان کو 133 قدرتی آفات کا سامنا کرنا پڑا جس سے جی ڈی پی کو 0.647 فیصد کا نقصان ہوا اور ملک کو مجموعی طور پر 3823.17 ملین ڈالر کا نقصان اٹھانا پڑا۔ موسمی تغیرات اور قدرتی آفات کے نقصانات کو کم سے کم کرکے قومی معیشت کے نقصان کو ختم کرنے میں مدد حاصل کی جا سکتی ہے جس کیلئے عوام میں آگاہی فراہم کرنے کی ضرورت ہے۔