جیب صفائی مہم پر والدین کا ارباب اختیار سے پرائیویٹ سکول مالکان کے خلاف نوٹس لینے کا مطالبہ

اتوار 19 مارچ 2017 23:21

اٹک - (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 مارچ2017ء) پرائیویٹ سکولوں نے والدین کی جیب صفائی مہم کا ہر سال کی طرح اس سال بھی آغاز کر دیا ہے، سکولوں کے مالکان کے ہول سیلز بک ڈیلروں کے ساتھ گٹھ جوڑ کی وجہ سے والدین شدید پریشانی کا شکار ہیں، والدن نے پرائیویٹ سکولوں کی جانب سے شروع کردہ جیب صفائی مہم پر وزیر تعلیم، سیکرٹری پنجاب، ای ڈی او ایجوکیشن اور ڈی سی اٹک سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق پرائیویٹ سکولوں کے بزنس مالکان کا کہنا ہے کہ جو بچے پاس ہو کر نئی کلاسوں میں گئے ہیں وہ کسی بھی بچے سے پرانی کتابیں لے کر سکول نہیں آئیں گے کیونکہ آپ کی کتابیں پہلے سے بک کروائی جا چکی ہیں، جبکہ والدین کا کہنا ہے کہ نہ تو سکول کا کورس بدلا ہے اور نہ سکول کی وردیاں تو پھر پرانی کتابیں اور وردیاں کیوں نہیں چل سکتیں، بچوں کے والدین نے میڈیا کو بتایا کہ پرائیویٹ سکول بزنس کے طور پر سکولوں کو چلا رہے ہیں جنہیں بچوں کی تعلیم سے کوئی سروکار ہی نہیں ہے اور ہم مجبور ہیں۔

(جاری ہے)

پرائیویٹ سکول مالکان نے ہول سیلز بک ڈیلروں سے بھی گٹھ جوڑ کر رکھا ہے جس میں انکا کمیشن موجود ہوتا ہے اور والدین کی جیب صفائی مہم کا کام شروع کر رکھا ہے جو کہ سرا سر زیادتی ہے جس کا ارباب اختیار کو نوٹس لینا چاہیئے۔