وزیر اعظم نوا زشریف اور وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے مری میں اربوں روپے کے میگا پروجیکٹ شروع کئے ہیں‘ دفتر عباسی

اتوار 19 مارچ 2017 23:01

مری۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 مارچ2017ء) مسلم لیگ ن تحصیل مری کے صدر راجہ دفتر عباسی نے کہا ہے کہ وزیر اعظم محمد نوا زشریف اور وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے مری میں اربوں روپے کے میگا پروجیکٹ شروع کئے ہیں جن میں سے کئی بڑے منصوبے مکمل ہوچکے ہیں جبکہ کئی تکمیل کے آخری مراحل میں ہیں ان منصوبوں کے آغاز وتکمیل کیلئے وفاقی وزیر شاہد خاقان عباسی اور صوبائی وزیر راجہ اشفاق سرور کی خصوصی کاوشیں شامل ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہمارے منتخب نمائندے عوامی مسائل کو حل کرنے میں اپنا بھر پور کردار ادا کررہے ہیں‘وزیر اعظم اور وزیر اعلیٰ پنجاب مری اور اہل مری سے خصوصی محبت رکھتے ہیں اور مری کی تعمیروترقی میں ذاتی دلچسپی لیتے ہیں‘ مری میں جدید ہسپتال کی تعمیر ،جی پی اومری کی سابقہ حیثیت میں بحالی ،مری آرٹس کونسل کی عمارت کی تعمیر نو ،اہم شاہراہوں کی تعمیر ومرمت اور لنک روڈوں کی تعمیرکے ساتھ ساتھ دیگر کئی منصوبوں کا مکمل ہونا میاں برادران کی مری سے محبت اوروفاقی وزیر شاہد خاقان عباسی اور صوبائی وزیر راجہ اشفاق سرور کی دلچسپی کی کاوشوں سے ہی ممکن ہوسکے ہیں۔