مصباح الحق کا اسپاٹ فکسنگ میں ملوث کھلاڑیوں پر تاحیات پابندی لگانے کا مطالبہ

اتوار 19 مارچ 2017 22:41

لاہور۔19 مارچ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 مارچ2017ء) قومی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق اسپاٹ فکسنگ میں ملوث کھلاڑیوں کو کسی بھی قسم کی رعایت کے دینے کے حق میں نہیں ہیں اور انہوں نے اسپاٹ فکسنگ میں ملوث کھلاڑیوں پر تاحیات پابندی لگانے کا مطالبہ کردیا ہے۔ یہاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے قومی ٹیم کے کپتان نے کہا کہ اگر کھلاڑی اسپاٹ فکسنگ کے مرتکب قرار پائیں تو ان پر تاحیات پابندی عائد کی جائے۔

مصباح الحق نے ناصر جمشید کے خلاف بھی سخت ایکشن لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ جو کھلاڑی اسپاٹ فکسنگ میں ملوث قرار پائیں ان پر عمر بھر کے لیے پابندی عائد کی جائے، ہم اس واقعے سے بہت مایوس ہیں۔یاد رہے کہ ناصر جمشید کو یوسف نامی بکی کے ساتھ برطانیہ میں گرفتار کیا گیا تھا جہاں ان کی ضمانت ہو گئی تھی اور اسپاٹ فکسنگ کیس میں اس سے بھی تحقیقات جاری ہیں۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل نے پاکستان کرکٹ کے تشخص کو مجروح کیا ہے، ایسا محسوس ہوتا ہے کہ ہم نے جو سات سال تک پاکستان کرکٹ کی بہتری کیلئے کوششیں کی وہ سب ضائع ہو گئیں۔اس طرح کے واقعات سامنے آنے کے بعد ایسا لگتا ہے کہ پوری محنت پر پانی پھر گیا ہے’۔2010 کے اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل کے بعد قومی ٹیم کی قیادت سنبھالنے والے کپتان نے کہا کہ اب تمام کھلاڑیوں پر ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ 2010 کے واقعے کے بعد جو ہم نے چھ سات سال میں ٹیم کا اچھا امیج بنایا تھا، انہیں اس واقعے کو پیچھے چھوڑ کر اس امیج کو دوبارہ بحال کرنا ہے۔

دورہ ویسٹ انڈیز کے بارے میں سوال پر مصباح نے کہا کہ انھیں یہ سیریز مشکل لگ رہی ہے کیونکہ ویسٹ انڈین کھلاڑی ہوم کنڈیشنز کا فائدہ اٹھانے کا گر جانتے ہیں۔

متعلقہ عنوان :