خواجہ فرید انجینئرنگ اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی یونیورسٹی اور شیخ زید میڈیکل کالج میں تدریسی سرگرمیوں کا آغاز وزیر اعلیٰ پنجاب کی ترجیحات میں شامل ہے،ڈپٹی کمشنر

اتوار 19 مارچ 2017 22:41

رحیم یار خان۔19 مارچ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 مارچ2017ء) ڈپٹی کمشنررحیم یار خان سقراط امان رانا نے کہا ہے کہ خواجہ فرید انجینئرنگ اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی یونیورسٹی اور شیخ زید میڈیکل کالج کے اکیڈمک بلاکس میں تدریسی سرگرمیوں کا آغاز وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی ترجیحات میں شامل ہے ،ان دونوں منصوبوں کی پیشرفت بارے وہ مسلسل آگہی حاصل کر رہے ہیں تاکہ طلباء وطالبات حکومت پنجاب کی جانب سے فراہم کردہ جدید و تمام سہولیات سے آراستہ انفراسٹرکچرمیں تدریسی سرگرمیوں سے مستفید ہو سکیں،ان خیالات کا اظہار انہوں نے خواجہ فرید انجینئرنگ اینڈ آئی ٹی یونیورسٹی اور شیخ زید میڈیکل کالج میں جاری تعمیراتی سرگرمیوں کا جائزہ لیتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب اپنے متوقع دورہ کے دوران خواجہ فرید انجینئرنگ یونیورسٹی اور شیخ زید میڈیکل کالج کا وزٹ کریں گے لہذا تعمیراتی کاموں میں حال رکاوٹوں کا خاتمہ کر تے ہوئے تیزی سے مقررہ اہداف حاصل کئے جائیں،انہوں نے خواجہ فر ید انجینئرنگ اینڈ آئی ٹی یونیورسٹی کے دورہ کے موقع پر زیر تعمیر اکیڈمک بلاکس کا دورہ کیا،اس موقع پروائس چانسلر انجینئر پروفیسر ڈاکٹر اطہر محبوب نے بتایا کہ خواجہ فرید انجینئرنگ اینڈ آئی ٹی یونیورسٹی میں تدریسی سرگرمیوں کا آغاز کر دیا گیا ہے،انہوں نے بتایا کہ22اپریل2014ء کو وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے اس کا سنگ بنیاد رکھا ،280ایکڑ رقبہ پر محیط اس یونیورسٹی پر ساڑھے تین ارب سے زائد لاگت آئے گی اور جون تک تمام اکیڈمک بلاکس پر تعمیراتی کام مکمل کر لیا جائے گا،انہوں نے بتایا کہ الیکٹریکل، مکینیکل، کمپیوٹر سائنس، سول انجینئرنگ سمیت دیگر شعبوں میں اس وقت950طلباء و طالبات زیر تعلیم ہیں جبکہ وراں سال ستمبر تک 17مزید شعبوں میں تدریسی سرگرمیاں جاری کر دی جائیں گی اور 4تا5ہزار طلباء و طالبات اس یونیورسٹی سے مستفید ہوں گے،انہوں نے یونیورسٹی کے مختلف شعبوں میں جاری تعمیراتی کاموں سمیت سیکورٹی ودیگر امور بارے بریفنگ دی،ڈپٹی کمشنر سقراط امان رانا نے شیخ زید میڈیکل کالج کے دورہ کے موقع پر ہدایت کی کہ اندر تین یوم واٹر سپلائی کا کی پائپ لائن کالج تک پہنچ جانی چائیے جبکہ بجلی کی فراہمی بارے ایس ڈی او واپڈ ا نے اندر 15یوم کنکشن کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے،انہوں نے کہا کہ شیخ زید ہسپتال انتظامیہ، محکمہ بلڈنگ، کنٹریکٹرز دیگر متعلقہ ادارے مل کر شیخ زید میڈیکل کالج کی منتقلی میں اپنا کردار ادا کریں جبکہ اس کی چار دیواری بھی رواں ہفتے مکمل کر لی جائے تاکہ جلد از جلد شیخ زائد کالج کی کلاسز کا آغاز نئی عمارت میںکرایا جاسکے،انہوں نے کالج کے مختلف بلاکس کا دورہ کرتے ہوئے ڈیزائن میں بعض تکنیکی خامیوں کی بھی نشاندہی کرتے ہوئے ان کو فوری ختم کرنے کی ہدایت کی،دریں اثناء انہوں نے سپورٹس جمنیزیم اور اس سے ملحقہ پارک کا بھی دورہ کیا،اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر ڈاکٹر عدنان خان بھٹانی سمیت دیگر متعلقہ محکموں کے افسران ان کے ہمراہ تھے۔