پاکستان کی تنہائی کے دن گزر گئے ، ملک تیزی سے آگے بڑھ رہا ہے، گورنر خیبر پختونخوا

اتوار 19 مارچ 2017 21:41

پشاور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 مارچ2017ء) گورنرخیبرپختونخواانجینئراقبال ظفرجھگڑا نے کہا ہے کہ کھیلوں کی سرگرمیوں سے امن کو فروغ ملتاہے۔ حکومت فاٹا میں کھیلوں کی فروغ کیلئے بھرپور اقدامات اٹھارہی ہے اوراس ضمن میں کھیلوں کے میدان بھی تعمیر کئے جار ہے ہیں۔انہوں نے توقع ظاہر کی ہے کہ پی ایس ایل کے اگلے ایڈیشن میں فاٹا سے بھی ایک ٹیم حصہ لے گی تاکہ فاٹا کے مقامی کھلاڑیوں کو بھی انٹرنیشنل کھلاڑیوں کے ساتھ کھیلنے اور سیکھنے کا موقع مل سکے۔

ان خیالات کااظہارانہوں نے اتوار کے روزگورنر ہاوس پشاورمیں پاکستان سپرلیگ سیکنڈایڈیشن کی فاتح کرکٹ ٹیم پشاورزلمی کے اعزاز میں دیئے گئے ظہرانے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں پشاور زلمی کرکٹ ٹیم کے مالک جاویدآفریدی پشاور زلمی ٹیم کے دیگرکھلاڑی بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

اس کے علاوہ وزیراعظم کے مشیرامیرمقام، ایف سی کمانڈنٹ پشاور،لیاقت علی ، قائمقام آئی جی خیبرپختونخوا اختر علی شاہ، مسلم لیگ (ن) کے پارلیمانی صوبائی لیڈر سردار اورنگزیب نلوٹھہ،فاٹا پارلیمنٹرینز ،شاہ جی گل آفریدی،غالب خان،نذیرخان اورکمشنرپشاورفخرعالم بھی موجود تھے۔

گورنر نے کہا کہ انٹرنیشنل کھلاڑیوں کا پاکستان آنا خوش آئند ہے اور پی ایس ایل فائنل کے کامیاب انعقاد کے بعد بہت جلد نہ صرف ملک کے تمام کرکٹ سٹیڈیم آباد ہوں گے بلکہ دیگر کھیلوں کاانعقاد بھی پاکستان میں ممکن ہوسکے گا۔انہوں نے کہاکہ پی ایس ایل انتظامیہ نے پاکستا ن میں فائنل کا انعقاد کرکے نہ صرف پاکستانیوں کے دل جیت لئے ہیںبلکہ پوری قوم کو بھی متحد کیا ہے۔

انہوں نے فائنل کے کامیاب انعقاد پر پاک فوج،سیکیورٹی اہلکاروں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو بھی خراج تحسین پیش کیا اوارکہا کہ ان کی کوششوں سے نہ صرف پرامن طریقے سے فائنل کاانعقاد ممکن ہوا بلکہ دنیا کے سامنے پاکستان کا ایک مثبت امیج بھی اجاگر ہوا۔ گورنر نے کہا کہ بحیثیت قوم ہم نے یہ ثابت کردیاہے کہ ہماری تنہائی کے دن گزر گئے ہیں اورخوف کی فضاء ختم ہوگئی ہے اوردہشت گردوں کو شکست ہوگئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ایس ایل میں کامیابی صرف پشاور زلمی کی نہیں بلکہ پاکستان کی کامیابی ہے اورپی ایس ایل فائنل کے کامیاب انعقاد سے عالمی کرکٹ پھر سے پاکستان میں بحال ہو گی۔

متعلقہ عنوان :