پیپلز پارٹی ‘پی ٹی آئی ،نواز لیگ عوام کیساتھ مخلص نہیں ‘تینوں جماعتوں کا سیاسی باب بند ہونے والا ہے

جمعیت علماء اسلام سکھرامیر مفتی سعود افضل ہالیجوی کا اجلاس سے خطاب

اتوار 19 مارچ 2017 19:41

سکھر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 19 مارچ2017ء) جمعیت علماء اسلام سٹی سکھر کے امیر مفتی سعود افضل ہالیجوی نے کہا ہے سندھ میں پاکستان پیپلز پارٹی اور پی ٹی آئی اور نواز لیگ عوام کیساتھ مخلص نہیں ہے تینوں جماعتوں کا سیاسی باب بند ہونے والا ہے کیونکہ جمعیت علماء اسلام سندھ میں ایک عوامی قوت بن چکی ہے پشاور میں منعقد صد سالہ اجتماع پاکستان ہی نہیں بلکہ دنیا کی تاریخ کا ایک بہت بڑا اجتماع ہوگا جس میں سندھ کے لاکھوں کارکنان سمیت بیت اللہ کے امام عبدالرحمن ، ترکی صدر طیب اردگان اور دارالعلوم دیوبند کے اکابرین اور دنیا بھر کے اسلامی اسکالر شرکت کرینگے ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلامک سینٹر سکھر میں جمعیت علماء اسلام سٹی سکھر کے مجلس عمومی کے اجلاس میں کیا اجلاس میں مولانا بخش مہر ، قمر الدین ملانو ، مولانا حسین احمد آزاد ، مفتی اعظم مہر ، محمدعامر قریشی ، محمد سجاد میمن ، امام الدین جونیجو ، مولانا محمد دین سولنگی و دیگر سٹی کے عہدے داروں نے شرکت کی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے جمعیت علماء اسلام سٹی سکھر کے امیر مفتی سعود افضل ہالیجوی نے مزید کہا کہ جمعیت علماء اسلام کے کارکن اس عظیم اجتماع کو کامیاب کرنے کیلئے سرتوڑ کوشش کریں اس اجتماع کی کامیابی کارکنوں کی کوششوں سے ہی ممکن ہے انہوں نے کہا کہ ملک میں ایک بار پھر اسلام اور وطن دشمن قوتیں متحرک ہو کر وطن عزیز کو ایک ناکام ریاست بنانے میں مصروف ہیں جن کا مقابلہ اتحاد و اتفاق سے ممکن ہے تمام جماعتوں کو ملکی مفاد کے لئے ایک ہونا ہوگا ایسے عمل سے دشمن کے عزائم خاک میں مل سکتے ہیں جمعیت علماء اسلام کے کارکنان دشمنان اسلام و پاکستان کے عزائم کو خاک میں ملادینگے ، آئندہ انتخابات میں ملک کا وزیر اعظم مولانا فضل الرحمن ہوگا اور ملک میں جمعیت علماء اسلام کی حکومت ہوگی ۔

متعلقہ عنوان :