سندھ میں ایک ہزار ارب روپو ں سے زائد کی کرپشن کی گئی ہے،سندھ میں کرپشن کی وجہ سے ادارے تباہ ہوچکے ہیں، علامہ راشد محمود سومرو

سندھی قوم کو اقلیت میں تبدیل کرنے کے لیے ایم کیو ایم سمیت دیگر سندھ دشمن قوتیں متحد ہوچکی ہیں،سندھی قوم کو اب متحدہونے کی ضرورت ہے اگر متحد نہ ہوئے تو غلام بن کر رہ جائیں گے، ڈاکٹر اے جی انصاری کی رہائش گاہ پر پریس کانفرنس سے خطاب

اتوار 19 مارچ 2017 19:10

جیکب آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 مارچ2017ء) جمعیت علمائے اسلام سندھ کے جنرل سیکریٹری علامہ راشد محمود سومرونے کہاہے کہ سندھ میں ایک ہزار ارب روپو ں سے زائد کی کرپشن کی گئی ہے،سندھ میں کرپشن کی وجہ سے ادارے تباہ ہوچکے ہیں،سیہون سانحہ کے بعد حکمرانوں کو مستعفی ٰ ہونا چاہیے تھا،مردم شماری میں سازشیں کی جارہی ہیں،سندھی قوم کو اقلیت میں تبدیل کرنے کے لیے ایم کیو ایم سمیت دیگر سندھ دشمن قوتیں متحد ہوچکی ہیں،سندھی قوم کو اب متحدہونے کی ضرورت ہے اگر متحد نہ ہوئے تو غلام بن کر رہ جائیں گے،ان خیالات کااظہار انہوں کے جے یوآئی ضلع جیکب آباد کے امیر ڈاکٹر اے جی انصاری کی رہائش گاہ پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا اس موقع پر مولانا عبدالجبار رند،حماد اللہ انصاری،تاج محمود امروٹی،محمد موسیٰ مہر اوردیگر بھی موجودتھے،انہوں نے مزید کہاکہ پی پی حکومت نے عوام کو بھوک،بیروزگاری، بدحالی، کرپشن، بدامنی اور مہنگائی کے سواکچھ نہیں دیا،نیب کی 2015اور2016کی رپورٹ میں سندھ کے اداروں میں ہونے والی کرپشن کے شواہد دکھائے گئے ہیں،ترقیاتی منصوبوں کی مد میں ایک ہزار ارب روپے سے زائد کی کرپشن کی گئی ہے،انہوں نے کہاکہ مردم شماری سندھ کی بقا اورسالمیت کا مسئلہ ہے،سندھ اوربلوچستان میں اکثریت کو اقلیت میں تبدیل کرنے کی سازشیں کی جارہی ہیں،کراچی میں پنسل سے فارم بھرے جارہے ہیں،جس سے ثابت ہوتاہے کہ سندھی قوم کے خلاف ایک بڑی منظم سازش ہورہی ہے،حکمران ایسی سازشوں کو روکیں،انہوں نے کہاکہ حقوق غصب اور مینڈیٹ چوری کیاگیا تو سقوط ڈھاکہ جیسا واقع پیش آیا اب سندھ کے ساتھ بھی وہی کیاجارہاہے ایسانہ ہوکہ وہی سانحہ پھر رونما ہو اس لیے حکمران ہوش کے ناخن لیں،سندھ کو اس کے حقوق دے کر مینڈیٹ کو تسلیم کیاجائے،انہوں نے کہاکہ سانحہ سیہون سمیت ملک میں ہونے والی دہشت گردی میں بیرونی ہاتھ ملوث ہیں،حکمران ایسے خفیہ ہاتھوں کو ظاہر کریں سندھ امن کی دھرتی ہے یہاں شیعہ،سنی کے درمیان کوئی جھگڑانہیں،ہم صدیوں سے ایک ساتھ رہتے ہیں ایک ساز ش کے تحت سندھ میں فرقہ واریت کو ہوادی جارہی ہے،جے یوآئی فرقہ واریت کے خلاف ہے اور ہم مسجد کے ہر منبر اور محراب سے فرقہ واریت کے خلاف آوازبلندکررہے ہیں۔