سفارشی کلچر کا خاتمہ کر کے باصلاحیت اور تعلیم یافتہ شہریوں کو برابری کی بنیاد پر سرکاری ملازمتوں کے مواقع فراہم کئے جا رہے ہیں ‘وزراء ، سرکاری افیسران ، سیاسی شخصیات کے عزیز و اقارب اور دیگر شہری ایک صف میں بیٹھ کر سرکاری ملازمتوں کیلئے امتحانات میں حصہ لیں گے

آزادکشمیر کے وزیر تعلیم سکولز و کالجز اور ایم سی ڈی پی بیرسٹر افتخار علی گیلانی کی عوامی وفود سے بات چیت

اتوار 19 مارچ 2017 17:10

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 19 مارچ2017ء) آزادکشمیر کے وزیر تعلیم سکولز و کالجز اور ایم سی ڈی پی بیرسٹر افتخار علی گیلانی نے کہا ہے کہ سفارشی کلچر کا خاتمہ کر کے باصلاحیت اور تعلیم یافتہ شہریوں کو برابری کی بنیاد پر سرکاری ملازمتوں کے مواقع فراہم کئے جا رہے ہیں وزراء ، سرکاری افیسران ، سیاسی شخصیات کے عزیز و اقارب اور دیگر شہری ایک صف میں بیٹھ کر سرکاری ملازمتوں کیلئے امتحانات میں حصہ لیں گے کسی کو برادری ، پیسے ، اثر رسوخ ، سیاسی بنیادوں پر ترجیح نہیں دی جائے گی غریب کا بچہ اگر میرٹ پر آئے گا تو اسے نوکری ضرور ملے گی محکمہ تعلیم میں موجودہ حکومت نے انتہائی مختصر عرصہ میں جو اصلاحات عمل میں لائی ہیں اسکے ثمرات اب عوام تک پہنچ رہے ہیں ان خیالات کا اظہار انہوں نے مختلف عوامی وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ان کا کہنا تھا کہ سرکاری ملازمتوں پر انحصار نہیں کیا جا سکتا ہمیں نوجوانوں کو روزگار کی فراہمی اور غربت کے خاتمہ کیلئے متبادل ذرائع مہیا کرنا ہوں گے گزشتہ حکومتوں نے آزادکشمیر میں غربت کے خاتمے کی جانب کوئی توجہ نہیں دی میرٹ کا پائمالیاں گزشتہ حکومتوں میں عروج پر تھیں آزادکشمیر کے وسائل کو بروئے کار لا کر خطہ میں بے روزگاری کی لعنت کے خاتمہ کیلئے بھرپور اقدامات اٹھائے جا رہے ہیںانہوں نے کہا کہ آزادکشمیر میں میرٹ کی بحالی اور بلا تخصیص تعمیر و ترقی کا آغاز ہو چکا ہے تمام علاقوں میں بلا تخصیص عوامی ضروریات کو مد نظر رکھتے ہوئے منصوبوں کی شروعات ہو چکی ہیں ان منصوبوں کی شفافیت کیلئے مانیٹرنگ سسٹم متعارف کروایا گیا ہے پسماندہ علاقوں میں بنیادی سہولتیں فراہم کرنے کیلئے منصوبہ بندی مکمل کر لی گئی ہے انہوں نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان میاں نواز شریف نے آزادکشمیر کی ترقی کیلئے خصوصی دلچسپی اور وسائل کی فراہمی میں کوئی رکاوٹ نہیں آنے دی وزیراعظم راجہ فاروق حیدر کی قیادت میں آزادکشمیرکے عوام کی محرومیوں کا ازالہ کریں گے