کشمیر آزادی کی دہلیز پر کھڑا ہے‘مگر نواز شریف حکومت حکومت بھارت اور مودی کی خوشنودی کی راہ پر چل کر کشمیریوں کو مایوس کر رہی ہے

مسلم کانفرنس کے صدر اور سابق وزیراعظم سردار عتیق احمد خان کی دورہ سعودی کے دوران کشمیریوں کے وفود سے گفتگو

اتوار 19 مارچ 2017 17:10

مکہ مکرمہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 19 مارچ2017ء) آل جموں وکشمیر مسلم کانفرنس کے صدر اور سابق وزیراعظم سردار عتیق احمد خان نے کہا ہے کہ کشمیر آزادی کی دہلیز پر کھڑا ہے‘مگر نواز شریف حکومت حکومت بھارت اور مودی کی خوشنودی کی راہ پر چل کر کشمیریوں کو مایوس کر رہی ہے۔وہ دورہ سعودی کے دوران کشمیریوں کے وفود سے بات کر رہے تھے۔

انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کو صوبہ بنانے کے خلاف کشمیر کی آرپار کی قیادت متفق ہے۔حکومت نے کوئی فیصلہ ٹھونسنے کی کوشش کی گئی تو سخت ردعمل ہو گا۔انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام نے آزادی اور حق خودارادیت کیلئے طویل جدوجہد کی ہے اور قربانیاں پیش کیں ہیں بھارت کشمیر کے میدان میں ہار گیا ہے۔اب وہ بیلٹ گن کے ذریعے طاقت کا آخری حربہ اختیار کر رہا ہے۔

(جاری ہے)

اس مرحلے پر آزاد کشمیر اور پاکستان سے کوئی ایسا قدم نہیں اٹھا جانا چاہیے جس سے کشمیریوں کی جدوجہد کو گریز پہنچے۔مگر نواز شریف بھارت سے تجارت کے لیے بے تاب ہیں۔اور خدشہ ہے کہ کشمیریوں کے خون سے بنا ہوا دبائو تحلیل نہ کر دیا جائے۔سردار عتیق احمد خان نے کہا کہ بیرونی دنیا میں بسنے والے کشمیریوں کو بھی ملکی معاملات میں فعال کردارادا کرنا چاہیے۔اپنے ارگرد لوگوں کو کشمیری کی اصل اور اندرونی صورتحال سے آگاہ کرتے رہنا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ حکومت آزاد کشمیر کو اچھی کارکردگی دکھانے کے لیے اپوزیشن نے وقت دے رکھا ہے اگر حکومت نے ڈلیور نہ کیا تو میدان سجنے میں دیر نہیں لگائیں گے۔