مسلم لیگ (ن) پہلے بھی بہت سے مراحل سے گزری ،انشااللہ پانامہ کا معاملہ بھی خوش اسلوبی سے حل ہوگا ‘ ایاز صادق

عمران خان کے پورے ملک میںحکومت بنانے کے بیان پر ’’ ہزاروں خواہشیں ایسی کہ ہر خواہش پر دم نکلے ‘‘ کے سوا کیا تبصرہ کیاجا سکتا ہے

اتوار 19 مارچ 2017 16:31

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 مارچ2017ء) سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) پہلے بھی بہت سے مراحل سے گزری ہے انشااللہ پانامہ کا معاملہ بھی خوش اسلوبی سے حل ہوگا اور اللہ تعالیٰ مہربانی کریں گے ،عمران خان کی طرف سے انکی حکومت میں تیسرے پی ایس ایل کے پورے ملک میں انعقاد کے بیان پر ’’ ہزاروں خواہشیں ایسی کہ ہر خواہش پر دم نکلے ‘‘ کے سوا کیا تبصرہ کیاجا سکتا ہے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے حلقہ انتخاب کی یونین کونسل82 میں جاری ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لینے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ سردار ایاز صادق نے کہا کہ عمران خان کی جماعت کی خیبر پختوانخواہ میں حکومت ہے وہ وہاں پر پی ایس ایل کے میچز کرا لیں لیکن جہاںتک تیسرا پی ایس ایل ان کی حکومت میںپورے پاکستان میں ہوگا اس پر میں یہ کہوں گاکہ ہزاروں خواہشیں ایسی کہ ہر خواہش پر دم نکلے ۔

(جاری ہے)

بہت نکلے مرے ارمان لیکن پھر بھی کم نکلے۔ انہوں نے پانامہ کیس کے فیصلے کے حوالے سے سوال کے جواب میں کہا کہ مسلم لیگ (ن) پہلے بھی بہت سے مراحل سے گزری ہے انشااللہ پانامہ کا معاملہ بھی خوش اسلوبی سے حل ہوگا اور اللہ تعالیٰ مہربانی کریں گے۔ انہوںنے بتایا کہ اورنج لائن کے تعمیراتی منصوبے کی ہیوی ٹریفک کی وجہ سے سیوریج بیٹھ گیا تھا لیکن اس پر کام شروع کر دیا گیا ہے اور آئندہ دس سے پندرہ روز میں سیوریج ڈالنے کا کام مکمل ہو جائے گا ، مئی کے مہینے میں سڑک کی تعمیر ہو گی جبکہ جولائی میں اس منصوبے کو مکمل کر لیا جائے گا۔