یوم پاکستان پریڈ کی فل ڈریس ریہرسل

اسلام آباد کی فضاء جنگی طیاروں سے گونجی اٹھی، پاک فضائیہ کے طیاروں کا فلائی پاسٹ کا شاندار مظاہرہ

اتوار 19 مارچ 2017 15:01

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 19 مارچ2017ء) یوم پاکستان پریڈ کی فل ڈریس ریہرسل کے پیش نظر جڑواں شہروں میں موبائل فون سروس بند کر دی گئی ۔تفصیلات کے مطابق یوم پاکستان پریڈ کی فل ڈریس ریہرسل کے لیے پاک فضائیہ کے طیاروں کی جانب سے فلائی پاسٹ کا مظاہرہ کیا گیا جہاں دارالحکومت کی فضاء جنگی طیاروں کی گھن گرج سے گونجتی رہی جبکہ فل ڈریس ریہرسل کے لئے سکیورٹی کے بھی غیرمعمولی انتظامات کئے گئے۔

(جاری ہے)

ریہرسل کے پیش نظر اسلام آباد اور راولپنڈی میں موبائل فون سروس دوپہر ایک بجے تک بند رہی جس کے باعث شہریوں کو رابطوں میں شدید مشکلا ت کا بھی سامنا رہا۔فل پریڈ ریہرسل کے باعث ایکسپریس وے، فیض آباد فلائی اوور اور مری روڈ کو ہر قسم کی ٹریفک کے لئے بند کر دیا گیا ہے۔ ایکسپریس وے کو کھنہ پل سے زیرو پوائنٹ تک اور فیض آباد فلائی اوور ہر قسم کی ٹریفک کے لئے بند ہے۔ کشمیر ہائی وے زیرو پوائنٹ سے ڈھوکری چوک تک بند ہے، اس کے علاوہ دارالحکومت میں داخلے کا مرکزی راستہ بھی بند ہونے سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔