مردم شماری کے اعداد و شمار کی بنیاد پر ہی ملک میں قومی، صوبائی اور بلدیاتی انتخابی حلقے قائم کئے جاتے ہیں‘محمد منشاء اللہ بٹ

خانہ شماری ومردم شماری کے انعقادسے ہر قسم کے وسائل عوام کو براہ راست فراہم کر کے ہی فلاحی ریاست کا خواب شرمندہ تعبیر کیا جا سکتا ہے

اتوار 19 مارچ 2017 14:51

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 مارچ2017ء) صوبائی وزیر بلدیات و کمیونٹی ڈویلپمنٹ محمد منشاء اللہ بٹ نے کہا ہے کہ خانہ شماری ومردم شماری کے سلسلے میں لوگوں کا جذبہ قابل دید ہے ،عوام جس ذوق و شوق کے ساتھ خانہ شماری ومردم شماری کی ٹیموں کومطلوبہ معلومات فراہم کر رہے ہیں اس بات کی عکاسی ہے کہ عوام شعور یافتہ ہو کر اپنی تعمیر و ترقی کے عمل کو فوقیت اور اہمیت دے رہے ہیں۔

اپنی رہائش گاہ پر مسلم لیگی ورکروں سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن کی حکومت نے خانہ شماری ومردم شماری کا انعقاد کروا کر ثابت کر دیا ہے کہ ہر قسم کے وسائل عوام کو براہ راست فراہم کر کے ہی فلاحی ریاست کا خواب شرمندہ تعبیر کیا جا سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ صحیح مردم شماری قومی یکجہتی، بہتر منصوبہ بندی ملکی ترقی و خوشحالی کی ضامن ہے۔

(جاری ہے)

مردم شماری کے اعداد و شمار کی بنیاد پر ہی ملک میں قومی، صوبائی اور بلدیاتی انتخابی حلقے قائم کئے جاتے ہیں۔آبادی کے حجم کوٹائون کمیٹی، میونسپل کمیٹی،میونسپل کارپوریشن، میٹروپولیٹین کارپوریشن وغیرہ میں تبدیل کرنے کے لئے بھی مردم شماری بہت ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں پہلی مردم شماری1951ء میں ہوئی جس کے بعد 1961ئ1972ء،1981ء اور 1998ء میں ہوئی جبکہ چھٹی مر دم شماری 2008ء میں ہونا تھی مگر کسی وجوہات کی بنا پر نہ ہو سکی۔

اب چھٹی مردم و خٰانہ شماری2017ء میں کرائی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبہ بھر میں خانہ شماری و مردم شماری کے لئے تمام حکومتی اداروں نے مر دم شماری ٹیموں کے ساتھ مل کرمعاونت کا کام سر انجام دینا شروع کر دیا ہے اور لوگوں کا فرض ہے کہ وہ ہر قسم کی مطلوبہ معلومات ان ٹیموں کو فراہم کریں۔انہوں نے کہا کہ کمشنر مردم شماری و محکمہ۰ بلدیات نے عوام کی کسی بھی شکایت کے ازالہ کے لئے دو کنٹرول رومز قائم کئے ہیں۔ کمشنر مردم شماری کے کنٹرول رومز نمبر99263173،992263175 اور99263182 جبکہ محکمہ بلدیات 042-99213380 اور03018543959 کے نمبرز پر رابطہ کر سکتے ہیں۔