آئی پی ایس میں قومی ہیروایم ایم عالم کی برسی کے موقع پر کتاب کی تقریبِ پذیرائی،مقررین نے ایم ایم عالم کی زندگی اور خدمات کو خراجِ عقیدت

ہفتہ 18 مارچ 2017 23:03

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 18 مارچ2017ء) 1965 کی پاک بھارت جنگ کے عالمی ریکارڈ یافتہ قومی ہیرو اسکواڈرن لیڈر ایم ایم عالم کی چوتھی برسی کے موقع پر انسٹی ٹیوٹ آف پالیسی اسٹڈیز (آئی پی ایس) اسلام آباد میں انڈس کاٹیج لائیبریریز نیٹ ورک کے اشتراک سے معروف صحافی رفیق شہزاد کی تصنیف کردہ ان کی سوانح مایاناز ہیرو: ایم ایم عالم کی تقریبِ پزیرائی منعقد ہوئی۔

(جاری ہے)

تقریب سے ڈی جی آئی پی ایس خالد رحمٰن، ایم ایم عالم مرحوم کی بہن ڈاکٹر شاہینہ اویس،گروپ کیپٹن ایس ایم اے حسینی، سابق ڈائریکٹر اکادمی ادبیات آغا نور محمد پٹھان، کتاب کے مصنف رفیق شہزاد، آئی پی ایس کے مدیرِمنتظم نوفل شاہ رخ اور دیگر نے خطاب کیا۔ مقررین نے ایم ایم عالم کی زندگی اور خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئی اس بات پر زور دیا کے قوم کے مستقبل اور تعمیر کے لیے نوجوانوں اورآنے والی نسلوں میں اپنے اصل ہیروز کے کارناموں اور خدمات کے بارے میں معلومات منتقل کرنا انتہائی ناگزیر ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ پاکستان کے تمام اسکولوں کے تعلیمی نصاب میں ایم ایم عالم اور ان جیسے دیگر قومی ہیروز پر مضامین شامل کیے جائیں۔