نوجوانوں کے تعاون سے 2018کے انتخابات کو کرپٹ اشرافیہ کیلئے یوم الحساب بنادینگے ،سینیٹر سراج الحق

استعماری قوتیں ہمارے نوجوانوں کو اسلامی کردار سے محروم کرنا چاہتی ہیں کیونکہ دنیاپاکستانی نوجوانوں کی ذہانت اور اہلیت کی معترف ہے، مغربی فنڈز سے حکمران نصاب بنا کر قوم کو تقسیم کررہے ہیں ، جماعت اسلامی ملک بھر میں یکساں تعلیمی نصاب اور نظام رائج کرے گی، ایسا تعلیمی نظام دیں گے جس میں صدر ، وزیر اعظم اور غریبوں کے بچے ایک ساتھ پڑھیں گے ،نوجوانوں کو اعلیٰ تعلیم کیلئے بلا سود قرضے دیں گے اور فارغ التحصیل ہونے والوں کو سرکاری ملازمتیں ملیںگی ،سائنس اور انجینئرنگ میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والوں کو ملک میں وی وی آئی پیز کی حیثیت حاصل ہوگی امیرجماعت اسلامی پاکستان کا منصورہ میں اسلامی جمعیت طلبہ کی مرکزی شوریٰ سے خطاب

ہفتہ 18 مارچ 2017 23:00

نوجوانوں کے تعاون سے 2018کے انتخابات کو کرپٹ اشرافیہ کیلئے یوم الحساب ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 18 مارچ2017ء) امیرجماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا ہے کہ پاکستانی نوجوانوں کے تعاون سے 2018کے انتخابات کو کرپٹ اشرافیہ کیلئے یوم الحساب بنائیں گے۔ استعماری قوتیں ہمارے نوجوانوں کو اسلامی کردار سے محروم کرنا چاہتی ہیں لیکن اس کے باوجود آج بھی ان نوجوانوں کے آئیڈیل محمد بن قاسم ؒ ، محمود غزنوی ؒ اور صلاح الدین ایوبیؒ ہیں۔

دنیاپاکستانی نوجوانوں کی ذہانت اور اہلیت کی معترف ہے۔ مغرب اور امریکہ ہمارے تعلیمی نصاب میں تبدیلی کے لیے فنڈز مختص کرتے ہیں اور حکمران ان فنڈز کے حصول کیلئے طرح طرح کے نصاب بنا کر قوم کو تقسیم کررہے ہیں ۔ ہفتہ کو منصورہ میں اسلامی جمعیت طلبہ کی مرکزی شوریٰ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ جماعت اسلامی ملک بھر میں یکساں تعلیمی نصاب اور نظام رائج کرے گی،ہم ایسا تعلیمی نظام دیں گے جس میں صدر اور وزیر اعظم کے بچے بھی انہی سرکاری سکولوں میں پڑھیں گے جن میں مزدور اور کسان کے بچے پڑھتے ہیں ۔

(جاری ہے)

نوجوانوں کو اعلیٰ تعلیم کیلئے بلا سود قرضے دیں گے اور فارغ التحصیل ہونے والوں کو سرکاری ملازمتیں ملیںگی ۔سائنس اور انجینئرنگ میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والوں کو ملک میں وی وی آئی پیز کی حیثیت حاصل ہوگی جبکہ حکومتی سطح پر اسٹیٹس کو اور وی آئی پی نظام کا بوریا بستر گول کردیں گے ۔شوری ٰ کے اجلاس سے نائب امیر جماعت اسلامی راشد نسیم ، سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ اور اسلامی جمعیت طلباء کے ناظم اعلیٰ صہیب کاکا خیل نے بھی خطاب کیا۔

سینیٹرسراج الحق نے کہاکہ ہمارے نوجوانوں میں بے پناہ ٹیلنٹ ہے ۔ہمارے بچے دنیا بھر میں تعلیمی ریکارڈ قائم کررہے ہیں یورپ و ایشیا کی بڑی بڑی یونیورسٹیوں کی پیشانیوں پر پاکستانی نوجوانوں کے نام جگمگا رہے ہیں ۔پاکستان کی 65 فیصد آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے یہ نوجوان ریت کو نچوڑ کر ملک کے لیے بجلی پیدا کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ملکی سیاست میں سرمائے کے بل بوتے پر راج کرنے والے جاگیر داروں ،وڈیروں اور سرمایہ داروںکو ان نوجوانوں کے تعاون سے سیاست سے نکال باہر کریں گے ۔

کرپ-ٹ اشرافیہ نے کسی غریب اور مزدور کے بیٹے کیلئے آگے بڑھنے اور ترقی کرنے کے راستے مسدود کردیئے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ سیاسی پارٹیاں اپنے اندر جمہوریت کو پنپنے کا موقع نہیں دے رہیں ان میں ایک دوسرے کی ٹانگیں کھینچنے کا کلچر ہے جبکہ جماعت اسلامی نے پہلے دن سے آج تک حقیقی جمہوری اور پروگریسو جماعت ہونے کا اعزاز برقراررکھا ہوا ہے اور قومی و عالمی ادارے ہماری دیانت و امانت کو تسلیم کرتے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ اشرافیہ کے خلاف ایک نتیجہ خیز جدوجہد کا وقت آگیا ہے ،قوم کا خون چوسنے والی جونکوں کے سرکچلنے کی ضرورت ہے اور یہ کام پاکستان کی یوتھ کرے گی ۔انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کی حکومت نوجوانوں کو روز گار دے گی اور بے روز گار نوجوانوں کو بیروز گاری الائونس دیا جائے گا۔