وزیر مملکت اطلاعات ونشریات و قومی ورثہ مریم اورنگزیب کی زیرصدارت اجلاس،یوم پاکستان شایان شان طریقہ سے منانے کیلئے اقدامات کا جائزہ لیا گیا

پی ٹی وی اور ریڈیو جدوجہد آزادی کے تاریخ ساز اور عظیم لمحات کی یاد تازہ کرنے کیلئے 18 مارچ سے 14 اگست تک مختلف پروگراموں کے ذریعے مہم شروع کریں ، مریم اورنگزیب کی ہدایت

ہفتہ 18 مارچ 2017 23:00

وزیر مملکت اطلاعات ونشریات و قومی ورثہ مریم اورنگزیب کی زیرصدارت اجلاس،یوم ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 مارچ2017ء) وزیر مملکت اطلاعات و نشریات و قومی ورثہ مریم اورنگزیب نے وزیراعظم محمد نوازشریف کی خواہش اور وژن کے مطابق پاکستان ٹیلی ویژن (پی ٹی وی) اور پاکستان براڈ کاسٹنگ کارپوریشن کو جدوجہد آزادی کے تاریخ ساز اور عظیم لمحات کی یاد تازہ کرنے کیلئے 18 مارچ سے 14 اگست تک پروگراموں کی مہم کو اپنی نشریات کا حصہ بنانے کی ہدایت کی ہے۔

اس مہم کا مقصد ان تاریخی لمحات کی تجدید ہے جن کی بدولت تحریک آزادی کے ذریعے پاکستان معرض وجود میں آیا اور تحریک آزادی کو ایک جلا بخشی اور اس پختہ عزم اور جذبے کے ذریعے برصغیر کے مسلمانوں میں آزاد ی کے حصول کیلئے بیداری پیدا ہوئی۔ انہوں نے دونوں اداروں کو یہ بھی ہدایت کی کہ وہ اپنے پروگراموں میں پاکستان کے مایہ ناز جغرافیائی تنوع کو اجاگر کرنے کیساتھ ساتھ رونما ہونے والی تبدیلیوں کی بھی عکاسی کریں جو خوشحال مستقبل کے ساتھ ساتھ ادارہ جاتی ترقی، اقتصادی احیا اور سی پیک سمیت زراعت ، خواتین کی اختیاری، فنون لطیفہ، کھیل اور دفاع بالخصوص اسے ناقابل تسخیر بنانے جیسے اقدامات کا احاطہ کرتے ہوں۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا جس میں یوم پاکستان شایان شان طریقہ سے منانے کیلئے وزارت اطلاعات ونشریات و قومی ورثہ کی طرف سے اٹھائے گئے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔ وزیر نے ہدایت کی کہ ان مقاصد کو خصوصی نشریات ، پروگراموں، ڈراموں ، یوتھ شوز اور خصوصی دھنوں کے ذریعے اجاگر کیا جائے۔ انہوں نے عوام الناس کو بھی دعوت دی کہ وہ تعمیر پاکستان اور اس کے عظیم مقاصد کے حصول کی جانب سفر کا پی ٹی وی اور پی بی سی کے پروگراموں کے ذریعے مشاہدہ کریں جو دونوں ادارے خصوصی طور پر نشر کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ یوم پاکستان تاریخ میں بڑی اہمیت کا حامل دن ہے جب برصغیر کے مسلمانوں کو پہلی مرتبہ 23 مارچ 1940ء کو علیحدہ قوم کی حیثیت سے تسلیم کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ قرارداد لاہور پیش کی گئی جس کے ذریعے قیام پاکستان کا عظیم خواب حقیقت میں تبدیل ہوا۔ انہوں نے کہا کہ مشاہیر پاکستان اور قومی شخصیات کے کردار کو اجاگر کرنے جنہوں نے تحریک آزادی میں قیام پاکستان کیلئے کردار ادا کیا اور ان شہریوں کی خدمات جنہوں نے ملک کی ترقی اور خوشحالی میں کردار ادا کیا کو بھی نمایاں کرنے کی ہدایت کی۔

وزیر مملکت اطلاعات ونشریات نے یوم پاکستان کی تقریبات کے حوالے سے متعلقہ دو محکموں کو بھی ذمہ داریاں تفویض کیں اور ہدایت کی کہ ان ذمہ داریوں کو مقررہ مدت کے اندر مکمل کیا جائے۔ اس سلسلہ میں آئندہ اجلاس منگل 21 مارچ 2017ء کو ہوگا۔ اجلاس میں وزارت اطلاعات ونشریات، پی ٹی وی کارپوریشن اور پاکستان براڈکاسٹنگ کارپوریشن کے سینئر حکام بھی شریک تھے۔