اعلیٰ تعلیم کے فروغ سے ہی پاکستان دنیا میں ترقی کی دوڑ میں شامل ہو سکتا ہے، محمد زبیر

سی پیک پاکستانی معیشت کے استحکام اور صنعتی فعالیت کے لئے پاک چین دوستی کا عظیم شاہکار ثابت ہوگا ،گورنر سندھ کی تقریب سے خطاب

ہفتہ 18 مارچ 2017 22:54

اعلیٰ تعلیم کے فروغ سے ہی پاکستان دنیا میں ترقی کی دوڑ میں شامل ہو سکتا ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 18 مارچ2017ء) گورنر سندھ محمد زبیر نے کہا ہے کہ عصر حاضر کے تقاضوں کے مطابق اعلیٰ تعلیم کے فروغ سے ہی پاکستان دنیا میں ترقی کی دوڑ میں شامل ہو سکتا ہے اس ضمن میں حکومت تعلیم کے فروغ ، تحقیق اور عصری تعلیم کے مطابق نصاب کے لئے کوشاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک پاکستانی معیشت کے استحکام اور صنعتی فعالیت کے لئے پاک چین دوستی کا عظیم شاہکار ثابت ہوگا اس منصوبہ کی افادیت سمیٹنے کے لئے اعلیٰ تعلیم کافروغ انتہائی نا گزیر ہے اس ضمن میں معیاری تعلیم کی فراہمی،کوالٹی ایشورنس او تحقیق کے شعبوں میں یونیورسٹی نے نمایاں کام کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت سرکاری شعبہ کی تمام جامعات کے مسائل حل کرنے کے لیے بھرپور اقدامات کر رہی ہے، صوبہ میں طب اورانجینئرنگ کے شعبہ کی جامعات نمایاں خدمات انجام دے رہی ہیں، لیاقت یونیورسٹی آف میڈیکل اینڈ ہیلتھ سائنسز نے قلیل عرصہ میں بے مثال ترقی کی ہے ،لیاقت یونیورسٹی کی ترقی کے لیے وائس چانسلر ،فیکلٹی اور طالب علم یکساں طور پر مبارکباد کے مستحق ہیں۔

(جاری ہے)

ان خیالا ت کا اظہار انہوں نے لیاقت یونیورسٹی آف میڈیکل اینڈ ہیلتھ سائنسز جامشورو میں یونیورسٹی کے ایف ایم ریڈیو 96.6، ایڈوانسڈ ڈائیگنوسٹک سینٹر اور ورکنگ ویمن ہاسٹل کی افتتاحی تقریب سے خطاب میں کیا۔ تقریب میں لیاقت یونیورسٹی آف میڈیکل اینڈ ہیلتھ سائنسز کے وائس چانسلر پروفیسر نوشاد علی شیخ ،پروفیسرز ، تعلیمی ماہرین اور طلبہ کی بڑی تعدا د شریک تھی۔

گورنر سندھ نے کہا کہ صوبہ میں اعلیٰ تعلیم کے فروغ میں حکومت تمام وسائل بروئے کار لارہی ہے ،جدید تقاضوں کے مطابق اعلیٰ تعلیم کے لئے بھرپور اقدامات کئے جارہے ہیں۔ تقریب کے بعدگورنر سندھ نے یونیورسٹی کے مختلف شعبہ جات کا معائنہ کیا اور فراہم کی جانے والی سہولیات پر اطمینان کا اظہار کیا۔علاوہ ازیںگورنر سندھ نے مہران یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی میںاسپورٹس جمنازیم کی ا فتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تعلیم کے ساتھ ساتھ غیر نصابی مثبت سرگرمیوں سے نوجوانوں کی صلاحیتوں کو مزید اجاگر کیا جا سکتا ہے، مہران یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی طلبہ کو اعلیٰ معیاری تعلیم کے ساتھ ساتھ صحت مند مثبت سرگرمیوں کے لئے بھی ضروری اقدامات کررہی ہے جو کہ خوش آئند ہے۔

اس موقع پر مہران یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر اسلم عقیلی ،پروفیسر ز اور طلبہ بڑی تعداد میں شریک تھے۔گورنر سندھ نے کہا کہ اس جمنازیم کے قیام سے طالب علموں کو بہترین ہم نصابی سرگرمیاں میسر آئیں گی۔ گورنر محمد زبیر نے مہران یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کے مختلف شعبہ جات کا معائنہ کیا اوریونیورسٹی میں فراہم کی جانے والی سہولیات پر اپنے اطمینان کا اظہار بھی کیا۔

دریں اثنائ گورنر سندھ محمد زبیر نے سندھ یونیورسٹی کے طالب علموں میں وزیر اعظم اسکیم کے تحت لیپ ٹاپ تقسیم کرنے کی تقریب میں شرکت کی۔ تقریب میں سندھ یونیورسٹی کے وائس چانسلر پرو فیسر فتح محمد برفت ، پروفیسر ز اور طلبہ بڑی تعداد میں سریک تھے۔اسکیم کے تحت تیسرے مرحلے میں 3606طلبہ وطالبات میں لیپ ٹاپ تقسیم کئے جائیں گے۔ گورنر سندھ نے تقریب سے خطاب میں مزید کہا کہ لیپ ٹاپ کی تقسیم سے طلبہ کو اپنے متعلقہ شعبوں میں ریسرچ میںمدد ملے گی ، تحقیق کے شعبوں میں سندھ یونیورسٹی نے نمایاں کا م کیا ہے، سندھ یونیورسٹی کو نمایاں تعلیمی ادارہ بنانے میں وائس چانسلر ،فیکلٹی اور طالب علم یکساں طور پر مبارکباد کے مستحق ہیں۔

اس سے قبل گورنر سندھ سے سندھ کی 6 جامعات کے وائس چانسلر ز LUMHS کے وائس چانسلر پروفیسر نوشاد علی شیخ ، سندھ یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر فتح برفت،MUET کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد اسلم عقیلی ، SMBBUL کے وائس چانسلر پروفیسر اصغر چنا ، PUMHS کے وائس چانسلر پروفیسر اعظم یوسفانی اور ایگری کلچر یونیورسٹی ٹنڈو جام کے وائس چانسلر پروفیسر مجیب الدین صحرائی نے لیاقت یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز میں ملاقات کی۔

ملاقات میں گورنر سندھ نے کہا کہ جامعات کسی بھی ملک کی ترقی کا پیمانہ ہو ا کرتی ہے یہی وجہ ہے کہ ان کے مسائل کے حل پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔ وائس چانسلر ز نے اس موقع پر گورنر سندھ کو ہائر ایجوکیشن کمیشن سے جامعات کی شکایات ، جامعات میں ہاسٹل ، ٹرانسپورٹ اور دیگر سہولیات کی فراہمی کی جانب توجہ دلاتے ہوئے ان سے مدد کی درخواست کی۔ گورنر سندھ نے وائس چانسلر ز کو یقین دہانی کرائی کہ وہ مسائل کے حل کے لئے ہائر ایجوکیشن کمیشن کے چیئر مین اور وزیر خزانہ سے بات کریں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وہ صوبہ کی تما م جامعات کا دورہ کرکے ان کے مسائل سے آگاہی حاصل کریں گے تاکہ ان کے حل کے لئے جلد از جلد اقدامات کئے جا سکیں۔#