آصف زرداری لاہور میں اپنے ذاتی تعلق ، سیاسی خاندانوں سے ملاقاتیں ، بلاول بھٹو کے مستقبل کی سیاسی پلاننگ کرینگے ، منظور احمد وٹو

ہفتہ 18 مارچ 2017 22:35

آصف زرداری لاہور میں اپنے ذاتی تعلق ، سیاسی خاندانوں سے ملاقاتیں ، ..
اوکاڑہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 18 مارچ2017ء) پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمینٹیرینز کے مرکزی نائب صدر و سابق وزیر اعلیٰ پنجاب میاں منظور احمد وٹو نے کہا ہے کہ آصف زرداری لاہور میں اپنے ذاتی تعلق والے سیاسی خاندانوں سے ملاقاتیں کر کے پارٹی اور بلاول بھٹو کے لئے مستقبل کی سیاسی پلاننگ کریں گے۔ن لیگ کی مرکزی،صوبائی حکومت اور حکومتی جماعت کے ایم این اے ،ایم پی اے ہونے کے باوجود رینالہ خوردمیونسپل کمیٹی میں پیپلز پارٹی کی فتح ایک تاریخی کامیابی ہے جس پر آصف زرداری بہت زیادہ خوش ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اوکاڑہ کے صحافیوں سے خصوصی بات چیت کرتے ہوئے کیا۔میاں منظور احمد وٹو نے کہا کہ آصف زرداری کے حالیہ دور ہ لاہور میں وہ اپوزیشن کی بہت سی سیاسی جماعتوں کے قائدین سے بھی ملیں گے جس کا شیڈول تیار کیا جا رہا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی قیادت اس بات پر بہت خوش ہے کہ ضلع کونسل اوکاڑہ میں چیئرمین اور وائس چیئرمین کے لئے ہم نے امیدوار دئیے اور23ووٹ حاصل کئے جبکہ پارٹی اس بات پر توبے حد خوش ہے کہ ہم نے میونسل کمیٹی رینالہ خورد کی چیئرمین شپ اور وائس چیئرمین شپ بھاری اکثریت سے جیتی حالانکہ مرکز اور پنجاب میں ن لیگ کی حکومت ہے اور جو میونسپل کمیٹی ہم نے جیتی وہاں کی ایم این اے اور ایم پی اے کی سیٹیں بھی حکمران جماعت کے پاس ہیں۔

منظور وٹو نے کہا کہ زرداری کے حالیہ دورہ لاہور بہت سے بڑے سیاسی خاندان پیپلز پارٹی میں شامل ہوں گے جبکہ مسلم لیگ ن کو ہرانے والے میونسپل کمیٹی رینالہ کے چیئرمین ،وائس چیئرمین اور کونسلرز بھی آصف زرداری سے ملیں گے #