صوبائی حکومت صحت کے شعبے کی بہتری کیلئے موثر اقدامات کررہی ہے، اسپیکر بلوچستان صوبائی اسمبلی

ہفتہ 18 مارچ 2017 22:04

کوئٹہ۔18مارچ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 مارچ2017ء) اسپیکر بلوچستان صوبائی اسمبلی راحیلہ حمید خان درانی نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت صحت کے شعبے کی بہتری کیلئے موثر اقدامات کررہی ہے ۔عوام کو صحت کی جدید سہولیات کی فراہمی حکومت کی ترجیحات میں سر فہرست ہے ۔حکومت ڈینٹسٹری شعبے کی بہتری کی جانب خصوصی دلچسپی لے رہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے دوروزہ ڈینٹسٹری سمپوز یم کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ دانتوں کے علاج میں استعمال ہونے والے طبی آلات کو مناسب طریقے سے اسٹریلائز کیا جائے تاکہ دانتوں کی مختلف بیماریوں سے لوگوں کو بچایا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ عوام میں دانتوں کی بیماریوں کی روک تھام اور احتیاتی تدابیر سے متعلق آگاہی پیدا کرنے کی اشد ضرورت ہے اور اس طرح کے پروگراموں میں عوام اور محکمہ تعلیم کے تدریسی عملے کی شرکت کو یقینی بنا کر اس شعبے میں مزید بہتری لائی جاسکتی ہے۔

(جاری ہے)

اسپیکر نے متعلقہ حکام پر زور دیا کہ وہ ڈینٹسٹری شعبے کے معیار کی بلندی اور اس کی ترقی کیلئے موثر اقدامات اٹھاکر اس شعبے کو صوبے کے دور افتادہ علاقوں تک وسعت دی جائے ۔اس موقع پر سمپوزیم کے شرکاء سے دیگر مقررین نے اپنے خطاب میں ڈینٹسٹری شعبے کو جدید خطوط پر استوار کرنے ،اس شعبے میں جدیدآلات اور طریقہ کار کے علاوہ دانتوں کی بیماریوں کی روک تھام سے متعلق اپنے خیالات کا اظہار کیا اور اس شعبے کی بہتری سے متعلق مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالی۔