اسلام آباد کو دنیا کے خوبصورت ترین دارالحکومت بنائیں گے

ماسٹر پلان کی بحالی،صحت، تعلیم، صاف پانی کی فراہمی، نکاسی آب، تجاوزات کاخاتمہ، اوّلین ترجیح ہیں سی ڈی اے کی صورتحال بہتر ہونے سے سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہوا ہے میئراسلام آباد چیئرمین شیخ عنصر عزیز اور چیمبر آف سمال ٹریڈرز کے سرپرست شاہد رشید بٹ کی اعزازی قونصل جنرل کے دفتر میںبات چیت

ہفتہ 18 مارچ 2017 21:39

اسلام آباد کو دنیا کے خوبصورت ترین دارالحکومت بنائیں گے
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 18 مارچ2017ء) میئراسلام آباد وسی ڈی اے چیئرمین شیخ عنصر عزیز نے کہا ہے کہ اسلام آباد کو دنیا کے خوبصورت ترین دارالحکومت بنائیں گے۔ اسلام آباد کے ماسٹر پلان کو بحال کیا جائے گا اور صحت، تعلیم، صاف پانی کی فراہمی، نکاسی آب، تجاوزات کے خاتمہ، سٹریٹ لائیٹس اور پارکنگ کے مسائل ختم کرنے کو اولین ترجیح دی جا رہی ہے۔

سی ڈی اے میں صورتحال بہتر ہو گئی ہے جسکی وجہ سے سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہوا ہے اور وہ اس ادارے کی منصوبوں میں کھل کر سرمایہ لگا رہے ہیں۔ وہ اسلام آباد چیمبر آف سمال ٹریڈرز کے سرپرست شاہد رشید بٹ جو گھانا کی اعزازی قونصل جنرل کے دفتر میںبات چیت کررہے تھے۔انہوں نے کہا کہ تمام کمرشل عمارتوں پر ایک اضافی منزل تعمیر کرنے کی اجازت دے دی گئی ہے ، چار ہسپتال زیر تعمیر ہیں جبکہ ہر سکیٹر کیلئے علیحدہ ہسپتال بنایا جائے گا اور کیپیٹل ہسپتال کو گرا کر اسکی جگہ جدید ترین ہسپتال بنایا جائے گا۔

(جاری ہے)

شہر کے مختلف حصوں میں پارکنگ پلازہ بنائے جائیں گے جس میں بلیو ایریا کو ترجیح دی جائے گی جہاں پارکنگ کا مسئلہ شدت اختیار کر گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹینٹھ ایونیو بنانے اور مختلف سیکٹرز کو ملانے کیلئے انڈر پاس بنانے کا منصوبہ تیار کیا جا رہا ہے جس میں ماحولیاتی تحفظ اور کم سے کم لاگت کو ترجیح دی جا رہی ہے۔ سی ڈی اے کا کلچر تبدیل کر دیا گیا ہے اور کمرشل عمارتوں کے پلان بلا تاخیر منظور کئے جا رہے ہیں ۔

اس موقع پر شاہد رشید بٹ نے کہا کہ کاروباری برادری کو بھی سی ڈی اے میں تبدیلی محسوس ہو رہی ہے جسکی وجہ سے انکا اعتماد بحال ہو گیا ہے۔ اس سے اسلام آباد میںکاروباری سرگرمیاں بڑھیں گی جس سے محاصل اور روزگار بھی بڑھے گا۔ انہوں نے یقین دلایا کہ کاروباری برادری سی ڈی اے سے ہر ممکن تعاون کرے گی۔

متعلقہ عنوان :