کیوٹو میمورنڈم پر دستخط کے بعد کراچی ان شہروں میں شامل ہوگیاہے جہاں اس بین الاقوامی معاہدے کے تحت فضائی آلودگی پرقابو پانے میں مدد ملے گی، میئرکراچی

ہفتہ 18 مارچ 2017 21:22

کیوٹو میمورنڈم پر دستخط کے بعد کراچی ان شہروں میں شامل ہوگیاہے جہاں ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 مارچ2017ء) میئرکراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ کیوٹو میمورنڈم پر دستخط کے بعد کراچی ان شہروں میں شامل ہوگیاہے جہاں اس بین الاقوامی معاہدے کے تحت فضائی آلودگی پرقابو پانے میں مدد ملے گی، لاؤس کے دارالحکومت وینتیان میں بین الاقوامی میئرز کانفرنس کے موقع پر کیوٹو میمورنڈم پر دستخط کرنے کے بعد بین الاقوامی میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے میئر کراچی نے کہاکہ اس معاہدے میں دنیا کے بہت سے شہرشامل ہیںجبکہ ایشیائی ممالک میں بنگلہ دیش، جاپان، انڈونیشیااور پاکستان بھی اب اس معاہدے میں شامل ہوگئے ہیں جس سے کراچی کے شہریوں کو فائدہ ہوگا اور ماحولیاتی آلودگی کے خاتمے کے لئے بین الاقوامی مشاورت اور امداد حاصل ہوسکے گی، انہوں نے کہاکہ اس معاہد ے کے تحت دنیا بھر کے شہروں میں ماحولیاتی مسائل سے نمٹنے کے لئے جو پالیسی اپنا ئی جائے گی اسی پر کراچی میں بھی عملدرآمد ہوگا، میئر کراچی نے کہاکہ فضائی آلودگی موجودہ دور کا اہم مسئلہ بن چکی ہے، خاص طورپر بڑے شہروں کو اس نے بہت زیادہ متاثر کیا ہے اور یہ مختلف نفسیاتی اور جسمانی بیماریوں کا سبب بن رہی ہے جس پر قابوپانا بیحد ضروری ہو گیاہے، اس کی وجہ سے شہریوں کے مزاج تبدیل ہورہے ہیں ، چڑچڑا پن ، جذباتی رجحانات اور دیگر عوارض لاحق ہورہے ہیں جو تشویش کا سبب ہے، انہوں نے کہاکہ کیوٹو معاہدہ دنیا کے بہت سے شہریوں میں میں اس بات کو یقینی بنائے گا کہ ایسے عوامل پیدا کئے جائیں جن سے فضائی آلودگی اگر مکمل طورپر ختم نہ بھی ہو تو کم از کم اسے قابل کنٹرول حالت میں لایا جائے اور جہاں تک ہوسکے اس میں کمی کے لئے اقدامات عمل میں لائے جائیں، انہو ں نے کہاکہ شہروں میں موجودہ صنعتی زونز کو بھی کیوٹو معاہدے کے تحت ماحول دوست بنایا جائے گا اور فیکٹریوں سے خارج ہونے والے دھوئیں کے خاتمے کے لئے اقدامات کئے جائیں گے ، معاہدے پر دنیا بھر سے آئے ہوئے شہروں کے میئرز نے بھی دستحظ کئے۔

متعلقہ عنوان :