کراچی، 750 لاوارث لاشیں، ورثا کی تلاش جاری،ڈی ایس پی اعجاز کی عدالت سے مزید وقت دینے کی استدعا

عدالت نے ویب سائٹ کے قیام کیلئے 15روز کا وقت دیدیا، ایدھی فائونڈیشن اور چھیپا کو لاوارث لاشوں کی تفصیلات فراہم کرنے کیلئے پولیس سے تعاون کا حکم

ہفتہ 18 مارچ 2017 21:22

کراچی، 750 لاوارث لاشیں، ورثا کی تلاش جاری،ڈی ایس پی اعجاز کی عدالت سے ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 مارچ2017ء) ڈی ایس پی اعجاز احمد نے کہا ہے کہ شہر میں ابھی 750 لاوارث لاشیں موجود ہیں جن کے ورثا کی تلاش جاری ہے اور اس حوالے سے ویب سائٹ کے قیام کا عمل بھی جاری ہے۔تفصیلات کے مطابق ہفتہ کو سٹی کورٹ میں لاوارث لاشوں کے ورثاکی تلاش سے متعلق مقدمے کی سماعت میں ڈی ایس پی اعجاز احمد عدالت میں پیش ہوئے اور کراچی پولیس کا ریکارڈ پیش کیا۔

ڈی ایس پی کراچی پولیس نے بتایا کہ مقدمے کے آغاز کے وقت کراچی میں 1700 لاوارث لاشیں تھیں تاہم اکثر کے وارثوں کو ڈھونڈ نکالا ہے اور اس وقت 750 لاوارث لاشیں موجود ہیں جن کے ورثا کی تلاش جاری ہے۔لاوارث لاشوں کے ڈیٹا جمع کرنے اور ان کے ورثا کی تلاش کے لیے ویب سائٹ کے قیام کی پیشرفت کا بھی جائزہ بھی لیا جس پر ڈی ایس پی اعجاز نے عدالت نے مزید وقت دینے کی استدعا کی۔

(جاری ہے)

جس پر سٹی کورٹ نے ویب سائٹ کے قیام کے لیے 15 روز کا وقت دے دیا اور ساتھ ایدھی فانڈیشن اور چھیپا کو لاوارث لاشوں کی تفصیلات فراہم کرنے کے لیے پولیس سے تعاون کا حکم دیا۔واضح رہے عدالت نے ماڑی پور سے ملنے والی 5 لاشوں کی رپورٹ پر سندھ پولیس کو لاوارث لاشوں کے حوالے سے ویب سائٹ بنانے کاحکم دیاتھا جس میں لاوارث لاشوں کی تمام ضروری معلومات موجود ہوں گی اور جن کی مدد سے ورثا کو ڈھونڈنے میں مدد ملے گی۔