ملک میں بجلی و گیس کی لوڈشیڈنگ عروج پر اور لوٹ کھسوٹ کا بازار گرم ہے ‘ذکر اللہ مجاہد

سوشل میڈیا پرمسلمانوں کے مذہبی جذبات کو مجروح کرنے والی پوسٹس ڈیلیٹ کی جائیں‘ امیر جماعت اسلامی لاہور

ہفتہ 18 مارچ 2017 19:55

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 مارچ2017ء) امیر جماعت اسلامی لاہور ذکر اللہ مجاہد نے کہا کہ اس وقت ملک میں بجلی و گیس کی لوڈشیڈنگ عروج پراور لوٹ کھسوٹ کا بازار گرم ہے ۔ ان خیالات کا اظہار گزشتہ روز انہوں نے دفتر جماعت اسلامی لاہور میں جے آئی یوتھ لاہور کے صدر شاہد نوید ملک ، سیکرٹری اطلاعات جماعت اسلامی لاہور عبدالعزیز عابد ودیگر ذمہ داران کے خصوصی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انھوں نے کہا کہ بجلی اور گیس کی چوری کا سدباب کرنے کی بجائے اس کا بدلہ غریب عوام سے لیا جا رہا ہے۔ انھوں نے کہا کہ بجلی اور گیس کے بلوں میں کئی گنا اضافہ کر دیا گیا ہے جس سے بجلی اور گیس کے چوروں کی حوصلہ افزائی ہو رہی ہے۔ انھو ں نے کہا کہ عوام کے اصل مسائل سے توجہ ہٹانے کے لئے ہر روز میڈیا پر ایک نیا شوشہ اور ڈرامہ پیش کیاجاتا ہے جس پر خوب بحث ومباحثہ ہو تاہے اورمیڈیا والوں کو بھی ایک نیا موضوع مل جاتا ہے اور وہ بھی بغیر سوچے سمجھے اس کو خوب اچھالتے ہیں۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ سوشل میڈیا پر مسلمانوں کے مذہبی جذبات کو مجروح کرنے والی پوسٹوں کو ہٹانے کا اعلان کیا گیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ ہمارا ازلی بھارت بھی سوشل میڈیا کے حوالے سے اپنی طے شدہ پالیسی پر عمل پیرا ہے اور مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کے خلاف نہ صرف سینکڑوں احتجاجی فیس بک پوسٹیںڈیلیٹ کی جا چکی ہیں بلکہ ایسی پوسٹوں پر مشتمل درجنوں فیس پیجز بھی ڈیلیٹ کروائے جا چکے ہیں۔ انھوں نے کہا اس کے برعکس مسلمانوں کے مذہبی جذبات مجروح کرنے والی اور توہین رسالتﷺ پر مبنی لاکھوںفیس بک پوسٹیں آج بھی موجود ہیں جنہیں ’’ آزادی اظہار ‘‘ کے نام پر برقرار رکھا جا رہا ہے۔