نواب شاہ: یو ایس ایڈ اور مقامی این جی او کے تعاون سے بار ایسوسی ایشن کے 200 وکلاء کو خواتین کے حقوق سے متعلق قوانین کی آگاہی کے لئے ورکشاپ کا انعقاد

ہفتہ 18 مارچ 2017 19:18

نواب شاہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 18 مارچ2017ء) نواب شاہ میں یو ایس ایڈ اور مقامی این جی او کے تعاون سے بار ایسوسی ایشن کے دو سو وکلاء کو خواتین کے حقوق سے متعلق قوانین کی آگاہی کے لئے ورکشاپ منعقد ہوا۔ مقامی ہوٹل مین تربیتی نشست سے خطاب کرتے ہوئے خادم حسین سومرو ایڈوکیٹ اور عبدالجلیل میمن ایڈوکیٹ نے کہا کہ اسلام نے خواتین کو مردوں کے برابر حقوق دئے ہیں جبکہ حکومت اور معاشرے کے مختلف کردار ان کا استحصال کررہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ 1999ء کی مردم شماری میں خواتین کی تعداد مردوں کے برابر تھی لیکن سرکاری ملازمتوں میں خواتین کو پانچ فیصد کوٹہ دیا گیا جو کہ اب بڑھا کر پندرہ فیصد کیا گیا ہے اس کے علاوہ جسمانی طور پر عورت مرد سے کم نہیں لیکن اسے کمزور ثابت کیا جاتا ہے جبکہ اسلام میں خواتین کا ترکہ میں حصہ بھی مقرر کیا ہے لیکن اس کے حق کو غصب کنے کے لئے ونی، کاری یا پھر قرآن سے شادی کے نام پر اور فوتی کھاتہ میں اس کے نام کا اندراج نہ کرکے اس کا جائیداد میں حصہ بھی ہڑپ لیا جاتا ہے۔

(جاری ہے)

مقررین نے کہا کہ اکثر وکیل مقدمات میں خواتین کے حقوق کے بارے میں مکمل معلومات نہ ہونے کی وجہ سے سائل کو اس کے جائز حصہ سے محروم کردیتے ہیں ضرورت اس بات کی ہے کہ وکلاء ذاتی مفاد سے بالاتر ہوکر انصاف دلانے میں قانون کا بول بالا کرنے پر خصوصی توجہ دیں۔ورکشاپ میں بڑی تعداد میں وکلاء اور سول سوسائٹی کے افراد نے شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :