وزیراعلیٰ پنجاب اور صدر تاتارستان کے درمیان وفود کی سطح پر ملاقات، تعاون کو فروغ دینے کیلئے مشترکہ کمیٹی تشکیل

سکل ڈویلپمنٹ، ٹیکنالوجی، صنعت، معدنیات، زراعت، لائیوسٹاک، سیاحت اور دیگر شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق دہشت گردی و انتہاپسندی کو دین اسلام سے جوڑنا کسی صورت درست نہیں، اسلام امن اور بھائی چارے کا درس دیتا ہے‘رستم مینیخانوو ہم دہشت گردی کے خاتمے کے لئے آپ کے ساتھ مل کر کام کریں گے، علاقائی تعاون کو فروغ دینگی: صدر تاتارستان کی ملاقات میں گفتگو دہشت گردوانتہاپسند انسانیت کے سفاک قاتل ،جنکا کوئی رنگ ہے نہ مذہب، اسلام کیساتھ دہشت گردی کو جوڑنا کسی طو رپر مناسب نہیں، دین ا سلام میں انتہاء پسندی اور دہشت گردی کی کوئی گنجائش نہیں‘شہبازشریف رشین فیڈریشن اور پاکستان کے درمیان تعلقات کو مزید فروغ دینے کیلئے ہمیں مل کر کام کرنا ہے،جون میں تاتارستان کادورہ کرونگا‘وزیراعلیٰ

ہفتہ 18 مارچ 2017 18:17

وزیراعلیٰ پنجاب اور صدر تاتارستان کے درمیان وفود کی سطح پر ملاقات، ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 مارچ2017ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف اور تاتارستان کے صدر رستم مینیخانوو کے درمیان مقامی ہوٹل میں وفود کی سطح پر ملاقات ہوئی جس میں سکل ڈویلپمنٹ،پیٹرو کیمیکل ، ٹیکنالوجی، صنعت، معدنیات، زراعت، لائیوسٹاک، سیاحت ،کھیل اور دیگر شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا اور تعاون کو فروغ دینے کیلئے مختلف شعبوں کی نشاندہی کیلئے حکومت پنجاب اور جمہوریہ تاتارستان کی مشترکہ کمیٹی تشکیل دی گئی۔

تاتارستان کے صدرنے وزیراعظم محمد نوازشریف اور وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کے ترقیاتی وژن کو سراہا ۔ انہوں نے وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف کی روسی زبان پر دسترس کی تعریف کی اور کہا کہ ًآپ کی روسی زبان پر دسترس دیکھ کر خوشگوار حیرت ہوئی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ لاہور آ کر بہت پیار ملا ہے اور ہم نے علاقائی تعاون کو مضبوط بنیادوں پر فروغ دینا ہے۔

صدر تاتارستان نے کہا کہ دہشت گردی و انتہاپسندی کو دین اسلام سے جوڑنا کسی صورت درست نہیں۔ اسلام امن اور بھائی چارے کا درس دیتا ہے۔اسلامی اقدار بھائی چارے، اخوت اور تحمل پر مبنی ہیں، ہم دہشت گردی کے خاتمے کے لئے آپ کے ساتھ مل کر کام کریں گے اور دہشت گردی کے خاتمے کیلئے کی جانے والی مخلصانہ کاوشوں میں پاکستان کے ساتھ ہیں۔صدر تاتارستان نے وزیراعلی شہبازشریف سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ ہم آپ کے دورہ تاتارستان کے منتظر ہیں اور ہمیں امید ہے کہ اس دورے میں مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے حوالے سے اہم پیشرفت ہوگی- وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ برادر ملک تاتارستان کے صدر کی لاہور آمد پر دلی خوشی ہوئی ہے۔

رشین فیڈریشن اور پاکستان کے درمیان اچھے تعلقات موجود ہیں اور ان تعلقات کو مزید فروغ دینے کیلئے ہمیں مل کر کام کرنا ہے۔ پنجاب حکومت اور تاتارستان مختلف شعبوں میں تعاون کو پائیدار بنیادوں پر فروغ دیں گے۔ہمیں خوشی ہے کہ ہمارے بھائی ہمارے پاس آئے ہیںاورآپ کے دورے سے پنجاب حکومت اور جمہوریہ تاتارستان کے مابین تعلقات کو فروغ ملے گا-انہوںنے کہاکہ پنجاب میں زراعت، لائیوسٹاک، سکل ڈویلپمنٹ،معدنیات اوردیگر شعبوں میں تعاون کے بے پناہ مواقع موجود ہیں-ہمیں خوشی ہوگی کہ تاتارستان کے ساتھ ان شعبوں میں تعاون بڑھایاجائے اور تاتارستان کے تجربے سے فائدہ اٹھایا جائی-انہوںنے کہاکہ اسلامی ممالک کا تعلق دہشت گردی سے جوڑنا کسی طو رپر مناسب نہیں-اسلام امن وآشتی کا دین ہے ، دین ا سلام میں انتہاء پسندی اور دہشت گردی کی کوئی گنجائش نہیں-اسلام بغیر رنگ ونسل تمام انسانوں کو برابر کے حقوق کا درس دیتا ہی- انہوں نے کہا کہ دہشت گرد اور انتہاپسند انسانیت کے سفاک قاتل ہیں۔

دہشت گردوں کا کوئی رنگ ہے نہ مذہب۔ دہشت گردی بین الاقوامی مسئلہ ہے جس سے نمٹنے کیلئے مربوط کوششیں کرنے کی ضرورت ہے۔انہوںنے کہاکہ پنجاب حکومت اور تاتارستان کے مابین تعاون کو فروغ دینے کا یہ بہترین موقع ہے لہذا ہمیں مختلف شعبوں میں تعاون کو بڑھانے کے لئے ایک دوسرے کا ہاتھ تھامنا ہے اور تیزی سے اقدامات کرنے ہیں- وزیراعلیٰ نے کہا کہ میں جون میں تاتارستان کا دورہ کرں گا۔ صوبائی وزراء شیخ علائوالدین، عائشہ غوث پاشا، چوہدری شیر علی، جہانگیر خانزادہ، نعیم اختر بھابھہ، مشیر عمر سیف ، اعلیٰ حکام، تاتارستان کے ڈپٹی وزیراعظم اور وفد کے دیگر اراکین بھی اس موقع پر موجود تھے۔