دولت مشترکہ کے بنیادی اقدار کو اجاگر کرنے میں ایکشن گروپ کا کردار قابل تعریف ہے،پاکستان امن ، ترقی اورجمہوریت کے فروغ میں دولت مشترکہ اور ان سے وابستہ تنظیموںکے کردار کو بڑی اہمیت دیتا ہے، مشیر خارجہ سرتاج عزیز کا لندن میں دولت مشترکہ وزارتی ایکشن گروپ کے 50ویں اجلاس سے خطاب

ہفتہ 18 مارچ 2017 16:44

دولت مشترکہ کے بنیادی اقدار کو اجاگر کرنے میں ایکشن گروپ کا کردار قابل ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 مارچ2017ء) مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے دولت مشترکہ کے بنیادی اقدار کو اجاگر کرنے میں ایکشن گروپ کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان امن ، ترقی اورجمہوریت کے فروغ میں دولت مشترکہ اور ان سے وابستہ تنظیموںکے کردار کو بڑی اہمیت دیتا ہے۔لندن سے موصول ایک پیغام کے مطابق امور خارجہ کے بارے میں وزیراعظم کے مشیر نے یہ بات لندن میں دولت مشترکہ وزارتی ایکشن گروپ کے پچاسویں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

انہوں نے دولت مشترکہ سیکرٹریٹ اور رکن ملکوں کے درمیان مسلسل رابطے کی اہمیت پر زوردیا۔ برطانیہ میں پاکستان کے ہائی کمشنر سید ابن عباس بھی مشیر خارجہ کے ہمراہ تھے۔قبرص کے وزیر خارجہ کی زیر صدارت ہونے والے اجلا س میں دولت مشترکہ کے مختلف رکن ملکوں کے وزرائے خارجہ اور مشیروں نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

دولت مشترکہ کی سیکرٹری جنرل پیٹریسیا سکاٹ لینڈ نے وفود کو جمہوری عمل کو مستحکم کرنے کی غرض سے رکن ملکوں کیساتھ مسلسل رابطوں کے بارے میں آگاہ کیا ۔

دولت مشترکہ وزارتی ایکشن گروپ کے اجلاس میں پائیدار ترقی اور امن کے حصو ل کیلئے نوجوانوں کو بااختیار بنانیکے حوالے سے بھی غور کیا گیا۔اس موقع پر سرتاج عزیز نے پرنس آف ویلز شہزادہ چارلس سے ملاقات کے دران مفید بات چیت کی۔پرنس چارلس نے پاکستان اور برطانیہ کے درمیان مستحکم دو طرفہ تعلقات کو سراہا اور پاکستانی عوام اور حکومت کیلئے نیک تمناوں کا اظہار کیا۔

مشیر خارجہ نے انہیں دورہ پاکستان کی دعوت دی۔پرنس آف ویلز نے کہا کہ وہ حکومت پاکستان کی حکومت اورعوام کی مہمان نوازی کے منتظر ہیں اور جلد پاکستان کا دورہ کریں گے۔دولت مشترکہ کے سیکرٹری جنرل کے ساتھ مختصر ملاقات میں مشیر خارجہ نے تنظیم کے رکن ملکوں کے ساتھ مل کر کام کرنے سے متعلق پاکستان کے پختہ عزم کا اعادہ کیا۔

متعلقہ عنوان :