آزاد کشمیر میں مردم شماری کا دوسرا مرحلہ شروع ،پوری ریاست میں خانہ شماری کا عمل کامیابی سے مکمل کر لیا گیا

ہفتہ 18 مارچ 2017 14:07

مظفر آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 مارچ2017ء) آزاد کشمیر میں مردم شماری کا دوسرا مرحلہ شروع کر دیا گیا۔ پوری ریاست میں خانہ شماری کا عمل کامیابی سے مکمل کر لیا گیا۔ مردم شماری کا آغارز ایوان صدر مظفرآباد میں صدر آزاد جموں و کشمیر سردار محمد مسعود خان کے کوائف کے اندراج سے کیا گیا۔ اس موقعہ پر کمشنر شماریات راجہ طارق محمود، کمشنر مظفرآباد، بریگیڈ کمانڈر، ڈی آئی جی، ڈپٹی کمشنر اور دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔

صدر سردار مسعود خان نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کسی بھی ملک و قوم کیلئے مردم شماری اور خانہ شماری کا عمل انتہائی اہمیت کا حامل ہوتا ہے۔ پاکستان میں طویل وقفے کے بعد مردم شماری ہو رہی ہے۔ درست مردم شماری و خانہ شماری کے بغیر تعمیر و ترقی کی منصوبہ بندی اور سائل کی تخصیص اور استعمال ممکن نہیں ہو سکتا۔

(جاری ہے)

صدر آزاد کشمیر نے ریاست کے عوام پر زور دیا ہے کہ وہ اپنے اور خاندان کے درست کوائف کا اندراج یقینی بنائیں تاکہ ریاستی حکومت ریاست کی ترقی اور عوام کی فلاح و بہبود کیلئے مردم شماری کے اعداد و شمار کی درستی میں جامع منصوبہ بندی کر سکے۔

صدر آزاد کشمیر نے کہا کہ مردم شماری کے درست اعداد و شمار نہ ہوں تو حکومت کیلئے کام کرنا اندھیرے میں چلنے کے مترادف ہوتا ہے۔ صدر آزاد کشمیر نے کمشنر مردم شماری آزاد کشمیر راجہ طارق محمود کی مردم شماری کیلئے ٹھوس منصوبہ بندی اور اقدامات پر اُن کی تعریف کی اور امید ظاہر کی کہ ریاست میں آبادی کے درست اعداد و شمار جمع کرنے اور اسے حکومت تک پہنچانے میں کامیاب ہوں گے۔ صدر آزاد کشمیر نے کہا کہ مردم شماری میں شرح خواندگی، معذور افراد کے اعداد و شمار اور دیگر حوالوں سے درست اعداد و شمار کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ مردم شماری کے اعداد و شمار کی روشنی میں تعلیم، صحت اور مواصلات کی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔

متعلقہ عنوان :