لاہور میں مینار پاکستان کے قریب نامعلوم افراد کی فائرنگ سے دو حقیقی بھائیوں سمیت 3 افراد جاں بحق ہوگئے

Mian Nadeem میاں محمد ندیم ہفتہ 18 مارچ 2017 11:31

لاہور میں مینار پاکستان کے قریب نامعلوم افراد کی فائرنگ سے دو حقیقی ..
لاہور(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔18 مارچ۔2017ء) پنجاب کے صوبائی دارالحکومت لاہور میں مینار پاکستان کے قریب نامعلوم افراد کی فائرنگ سے 3 افراد جاں بحق ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق مینار پاکستان کے قریب نامعلوم افراد نے اچانک فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں 3 افراد رانا شکور، رانا ایوب اور راہگیر حافظ طارق محمود جاں بحق ہو گئے۔

حملہ آور واردات کے بعد فرار ہو گئے۔ پولیس کے مطابق جاں بحق ہونے والے رانا شکور اور رانا ایوب بھائی تھے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ایک زخمی کو طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق حملہ آور موٹر سائیکل پر سوار تھے اور واردات کے بعد باآسانی موقع واردات سے فرار ہوگئے۔ہلاک ہونے والے افراد پیشی پر عدالت جارہے تھے جس پر خدشے کا اظہار کیا جارہا ہے کہ قتل کی یہ واردات دشمنی کی بنیاد پر ہوئی -عینی شاہدین کے مطابق حملہ آوروں نے اندھا دھند فائرنگ کردی، گولیاں لگنے سے تین افراد موقع پر ہی دم توڑ گئے جبکہ ایک شخص زخمی ہوگیا جس کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے۔

(جاری ہے)

فائرنگ کا نشانہ بننے والوں میںدو حقیقی بھائی رانا شکور، رانا ایوب اورحافظ طارق محمود وہاں سے گزررہے تھے کہ گولیوں کا نشانہ بن گئے- افسوسناک واقعہ کے فوری بعد پولیس جائے حادثہ پر پہنچ گئی اور لاشیں قبضے میں لے کر پوسٹمارٹم کیلئے میو ہسپتال منتقل کردیں جبکہ ملزمان موقع سے فرار ہوگئے ہیں۔یاد رہے کہ چند روز قبل لاہور میں تھانہ ٹبی سٹی کی حدود میں دو پولیس اہلکاروں پر بھی فائرنگ کی گئی تھی جو بعد ازاں دوران علاج جاں بحق ہوگئے۔ اس سے قبل مناواں میں پیپلز پارٹی کے مقامی رہنما بابر سہیل بٹ کو گھر میں گھس کر اندھا دھند فائرنگ کر کے قتل کر دیا تھا۔