وزیراعظم محمد نواز شریف کا گوادر میں عظیم الشان جلسہ تاریخ کا اہم باب بن گیا،محمد نواز شریف ملک کے پہلے وزیراعظم ہیں جنہوں نے گوادر میں دو روز قیام کیا، جس سے ثابت ہوتا ہے کہ انہیں بلوچستان دل سے عزیز ہے،آج بلوچستان غیر معمولی ترقی کے دوراہے پر کھڑا ہے، وفاقی اور صوبائی حکومت صوبے کی تیز رفتار ترقی اور عوام کے خوشحال مستقبل کیلئے دن رات کوشاں ہیں، سی پیک اور دیگر ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل سے بلوچستان کے عوام کی تقدیر بدلنے والی ہے

وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری کا بیان

جمعہ 17 مارچ 2017 23:43

وزیراعظم محمد نواز شریف کا گوادر میں عظیم الشان جلسہ  تاریخ کا اہم باب ..
کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 17 مارچ2017ء) وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری نے کہا ہے کہ وزیراعظم محمد نواز شریف کا گوادر میں عظیم الشان جلسہ عام سے خطاب صوبے کی تاریخ کا اہم باب بن گیا ہے مکران کی تاریخ کے سب سے بڑے جلسہ عام نے ثابت کر دیا ہے کہ بلوچستان کے عوام وزیراعظم محمد نواز شریف سے محبت کرتے ہیں اور ملک و قوم کی ترقی بالخصوص بلوچستان کی خوشحالی کے لیے ان کے اقدامات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں، ہم وزیراعظم کی جلسہ میں شرکت اور گوادر کی ترقی کے اعلانات پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہیں، وزیراعلیٰ کا کہنا ہے کہ محمد نواز شریف ملک کے پہلے وزیراعظم ہیں جنہوں نے گوادر میں دو روز قیام کیا، جس سے ثابت ہوتا ہے کہ انہیں بلوچستان دل سے عزیز ہے اور وہ اس کی ترقی اور خوشحالی کے لیے عملی اقدامات پر یقین رکھتے ہیں ، وزیراعلیٰ نے کہا کہ آج بلوچستان غیر معمولی ترقی کے دوراہے پر کھڑا ہے، وفاقی اور صوبائی حکومت صوبے کی تیز رفتار ترقی اور عوام کے خوشحال مستقبل کے لیے دن رات کوشاں ہیں، سی پیک اور دیگر ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل سے بلوچستان کے عوام کی تقدیر بدلنے والی ہے، انہوں نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان کو ایشیاء اور بلوچستان کو پاکستان کا معاشی ٹائیگر بنانا چاہتے ہیں اور اس حوالے سے بلوچستان کے عوام ان کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں، وزیراعلیٰ نے کہا کہ ہم نے بلوچستان کو پسماندگی اور بدامنی سے نکال کر معاشی استحکام کی راہ پر گامزن کر دیا ہے اور ترقیاتی عمل میں گوادر سمیت صوبہ بھر کے عوام کی شراکت داری کو بھی یقینی بنایا جا رہا ہے، انہوں نے کہا کہ گوادر میں یونیورسٹی کے قیام، 300بستروں پر مشتمل ہسپتال کی تعمیر، گوادر میں 50لاکھ گیلن صاف پانی کی فراہمی کے ڈی سیلینیشن پلانٹ کی تنصیب، گوادر کے 50نوجوانوں کو چینی زبان سیکھنے کے لیے چین بھجوانے ، گوادر کے 50طلباء و طالبات کو ملک کی بہترین یونیورسٹیوں میں داخلے کی فراہمی اور گوادر شہر کی سڑکوں اور نکاسی آب کے نظام کی بہتری کے لیے ایک ارب روپے کی خطیر گرانٹ کے اعلانات پر ہم وزیراعظم محمد نواز شریف کے شکر گزار ہیں، یقینا وزیراعظم کے یہ اقدامات گوادر کو مستقبل کا تجارتی مرکز بنانے کی بنیاد ثابت ہونگے، وزیراعلیٰ نے کہا کہ بلوچستان اور یہاں کے عوام سے وزیراعظم کی محبت اور خصوصی لگاؤ ہمارے لیے تقویب اور حوصلے کا باعث ہیں، انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے اپنی تقریر میں صوبائی حکومت کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے یقین دلایا ہے کہ وہ بلوچستان میں ترقی کے عمل میں بھرپور معاونت فراہم کریں گے، وزیراعلیٰ نے کہا کہ وزیراعظم کی دانشمندانہ قیادت اور ترقیاتی پالیسیوں کے باعث آج ملک تعمیر و ترقی کی بلندیوں کو چھو رہا ہے، جس کا اعتراف بین الاقوامی ادارے بھی کر رہے ہیں، پاکستان کی شرح نمو بھارت اور خطے کے دیگر ممالک سے کہیں زیادہ ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی سطح پر پاکستان کو غیر ملکی سرمایہ کاری کے لیے انتہائی موزوں ملک قرار دیا جا رہا ہے، جس کا ماضی قریب میں تصور بھی نہیں کیا جا سکتا تھا۔معاشی طور پر دیوالیہ ہونے کے قریب ملک دوبارہ معاشی و اقتصادی استحکام کی طرف تیزی سے رواں دواں ہے جس کا تمام تر سہرا وزیراعظم کے سر ہے۔