لاہور ہائیکورٹ کا مردم شماری فارم میں’ مخنث ‘ کا خانہ شامل کرنے کا حکم

پیمرا کی طرف سے ٹی وی چینلوں، ایف ایم ریڈیوز کواحکامات کی تشہیر کی ہدایت

جمعہ 17 مارچ 2017 23:36

لاہور ہائیکورٹ کا مردم شماری فارم میں’ مخنث ‘ کا خانہ شامل کرنے کا ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 مارچ2017ء) لاہور ہائیکورٹ کے احکامات کی روشنی میں پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا ) نے نجی ٹی وی چینلوں اور ایف ایم ریڈیوز کی انتظامیہ کو ہدایات جاری کی ہیں کہ وہ فاضل عدالت کے ِاس فیصلے کہ مردم شماری فارم نمبر 2میں جنس کے کالم( نمبر 3)میں ’مرد‘ اور ’عورت‘ کے علاوہ ’مخنث‘ کا خانہ بھی شامل کیا جائے کی زیادہ سے زیادہ تشہیر کریں۔

فاضل عدالت نے یہ احکامات ایک رٹ پٹیشن 7122 / 2017کی سماعت کے دوران جاری کئے۔مذکورہ رٹ پٹیشن کی سماعت کرتے ہوئے معزز جج نے یہ واضح کیا کہ مورخہ 9جنوری 2017کو ایک رٹ پٹیشن (2016/37499)کی سماعت کے دوران محکمہ شماریات کے نمائندے نے اس بات سے اتفاق کیا تھا کہ مردم شماری فارم نمبر 2میں’ مخنث ‘ کا اندراج بھی ہونا چاہئیے تاہم مذکورہ فارم کا جائزہ لینے کے بعد یہ بات عیاں ہوئی ہے کہ ایسا کوئی خانہ شامل نہیں کیا گیا ۔

(جاری ہے)

اس پر عدالت عالیہ نے حکم دیا کہ فیلڈ سٹاف کو پابند بنایا جائے کہ وہ 18مارچ 2017؁ء سے مردم شماری کا عمل شروع کرتے ہوئے فارم نمبر 2کے کالم نمبر 3میں جو کہ ذاتی کوائف سے متعلق ہے جہاں ضروری ہو مخنث کابھی اندراج کریں۔ اپنے فیصلہ میں معزز عدالت نے پیمرا کو بھی ہدایات جاری کی ہیں کہ ٹی وی چینلوں اور ایف ایم ریڈیو کے ذریعے عدالتی احکامات کی زیادہ زیادہ سے تشہیر کروائی جائے تاکہ اس جنس کے حامل لوگوں کو اپنے کوائف درج کراتے وقت کسی قسم کی دقت کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

عدالتی احکامات کی روشنی میں تمام ٹی وی چینلوں اور ایف ایم ریڈیوز کو عدالتی فیصلے کی زیادہ سے زیادہ تشہیر کرنے کے احکامات جاری کر دئیے گئے ہیں تاکہ عوام الناس بالخصوص مردم شماری کے عمل میں مصروف فیلڈ سٹاف ان پر ِمن و عن عمل کریں۔