اظہاررائے کی آزادی جمہوریت اور آزاد معاشرے کیلئے ناگزیرہے، وزیراعظم محمد نوازشریف اظہاررائے کی مکمل آزادی پر یقین رکھتے ہیں،حکومت صحافیوں کو پیشہ ورانہ تربیت کے منصوبے پر کام کررہی ہے، توقع ہے کہ ذرائع ابلاغ کے تربیتی پروگرام میں یورپی یونین تعاون کرے گی

وزیرمملکت اطلاعات ،نشریات وقومی ورثہ مریم اورنگزیب کی یورپی یونین کے سفیر سے گفتگو یورپی یونین کے سفیر کی وزیرمملکت کو میڈیا اور ثقافتی شعبوں میں پاکستان سے تعاون کی یقین دہانی

جمعہ 17 مارچ 2017 23:30

اظہاررائے کی آزادی جمہوریت اور آزاد معاشرے کیلئے ناگزیرہے، وزیراعظم ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 مارچ2017ء) وزیرمملکت اطلاعات ،نشریات وقومی ورثہ مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ پاکستان یورپی یونین کے ساتھ تعلقات بالخصوص پاکستان میں جمہوری اقداراور قانون کی حکمرانی کیلئے اس کی حمایت کو بہت اہمیت دیتا ہے، اظہار رائے کی آزادی جمہوریت اور آزاد معاشرے کیلئے ناگزیرہے، وزیراعظم محمدنوازشریف اظہاررائے کی مکمل آزادی پر یقین رکھتے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے یورپی یونین کے سفیر جین کاٹین سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ملاقات میں میڈیا، اطلاعات اور ثقافت کے شعبوں میں تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیرمملکت نے کہا کہ حکومت صحافیوں کو پیشہ ورانہ تربیت کے منصوبے پر کام کررہی ہے، توقع ہے کہ ذرائع ابلاغ کے تربیتی پروگرام میں یورپی یونین تعاون کرے گی۔

(جاری ہے)

مریم اورنگزیب نے کہا کہ حکومت نے صحافیوں کی فلاح و بہبود کیلئے متعدد اقدامات کئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کا مثبت تشخص اجاگر کرنے کیلئے قومی ثقافت کو اجاگرکر رہے ہیں، وزیراعظم کے وژن کے مطابق تفریحی سرگرمیوں کیلئے فلم پروڈکشن کی جامع پالیسی بنا رہے ہیں، جس سے مقامی سطح پر انٹرٹینمنٹ انڈسٹری، قومی ورثہ اور سیاحت کو فروغ ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ معیاری پروڈکشن سے عوام کو سماجی و اقتصادی ترقی، قومی اہمیت کے امور اور اپنی ذمہ داریوں سے متعلق آگاہی حاصل ہوگی۔ یورپی یونین کے سفیر نے وزیرمملکت کویقین دلایاکہ وہ میڈیا اور ثقافتی شعبوں میں پاکستان سے تعاون کریں گے۔یورپی یونین کے سفیر نے وزیرمملکت کو روم ٹریٹی کی 60سالہ تقریبات میں شرکت کی دعوت دی۔