مئی میں اسلام آباد میں سُود کے خلاف ایک بڑے جرگے کا انعقاد کریں گے ،مُلکی معیشت کو سُود سے پاک کرنے کا لائحہ عمل طے کریں گے ،امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق کا عبدالحکیم میں تقریب سے خطاب

جمعہ 17 مارچ 2017 23:28

مئی میں اسلام آباد میں سُود کے خلاف ایک بڑے جرگے کا انعقاد کریں گے ..
ملتان(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 17 مارچ2017ء) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ مئی میں اسلام آباد میں سُود کے خلاف ایک بڑے جرگے کا انعقاد کریں گے اور مُلکی معیشت کو سُود سے پاک کرنے کا لائحہ عمل طے کریں گے ۔ حُکمرانوں نے وفاقی شرعی عدالت سے سُود کے حق میں حُکم امتناعی لے رکھا ہے ۔ میں سُپریم کورٹ میں کرپشن کے دیوتا حکمرانوں کے اور وفاقی شرعی عدالت میں سُود کے خلاف کیس کا مُدعی ہوں۔

’’ بھگوان،رام، ایشوراور خُدا کو ماننے والوں میں کوئی فرق نہیں ‘‘ کہہ کر اپنے بیرونی آقاؤں کو خوش کرنے کی کوشش کی ہے۔ یہ محمد عربی ؐ کے غلاموں کا مُلک ہے یہاں پر لبرل ازم اور سیکولرازم کی کوئی گنجائش نہ ہے ۔ جمعہ کو جماعت اسلامی کے ملتان میڈیا سنٹر سے جاری بیان کے مطابق وہ عبدالحکیم میں پیر سید حُسنی مُبارک کی طرف سے اپنے اعزاز میں دیئے گئے عشائیہ کے شُرکاء سے خطاب کررہے تھے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ علماء و مشائخ منبر و محراب کے وارث ہیں اور مساجد ومدارس کے مُحافظ ہیں اُن کو چاہیے کہ فرقہ وارانہ تعصبات کو ختم کرکے عوام کو بطور اُمّت متحد ویک جان کریں جو اس وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکی یاروں اور انگریز کے وفاداروں نے اس معاشرے کو غلام بنا رکھا ہے اور ان جاگیرداروں ، وڈیروں سے اس مُلک کوہمیشہ سے خطرہ ہے۔

بندوں کو بندوں کی غلامی سے نجات دلا کر اللہ کی غلامی میں دینا اور اس اہم فریضہ کی ذمہ داری علماء مشائخ پر ہے ۔ بہترین جہاد ظالم بادشاہ کے سامنے کلمہ حق بُلند کرنا ہے ۔پاکستان کرپشن کا گڑھ بن چُکا ہے اور مُلک کا حکمران کرپشن کا دیوتا ہے ۔ہم نے حکمرانوں کے ظُلم کے نظام کو چیلنج کیا ہے ۔ ہم تھانیداروں کے ظُلم اور پٹواریوں کی کرپشن کو برداشت نہیں کریں گے ۔

انہوں نے کہا کہ اس وقت مُغل شہزادوں ،سیاسی پنڈتوں اور جاگیردار وڈیروں کی پُشت پر غیر مُلکی اسٹیبلشمنٹ ہے جو کہ اس کرپٹ ٹولہ کیا پُشت پناہی کررہی ہے۔استعماری طاقتوں نے دُنیا میں سُودی نظام کو رواج دے رکھا ہے ۔ ہمارامُلک بھی سُود کے شکنجوں میں جکڑا ہوا ہے ۔جس کے ذمہ دار کرپٹ حُکمران ہیں۔ سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ اس وقت دُنیا کو خطرہ ایٹم بم سے نہیں اُن کیلئے خطرہ لاالٰہ الااللہ کا پیغام ہے ۔

انہوں نے کہا کہ پانامہ سکینڈل میں 600بڑوں کے نام ہیں جن میں بڑے سیاست دان، بیوروکریٹ اور ججز شامل ہیں۔ وہ سیاست جس میں خاندانوں کی حُکمرانی ہو ایسی سیاست کو میں نہیں مانتا۔سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ پاکستان ان کرپٹ سیاست دانوں کی وجہ سے نہیں بلکہ ان علماء ومشائخ کی وجہ سے قائم ہے۔انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے بھگوان ، ایشور،رام اور خُدا کو ماننے والوں میں کوئی فرق نہ ہے کہہ کر اُس دوقومی نظریہ کی مُخالفت کی ہے جس کی خاطر1947میں لاکھوں قُربانیاں دی گئیں ۔

انہوں نے اپنے بیرونی آ قاؤں کو خوش کرنے کی کوشش کی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ مُلک محمد عربی ؐ کے غلاموں کا مُلک ہے۔ یہاں کسی لبرل ازم اور سیکولرازم کی کوئی گنجائش نہ ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ مُلک میں محمد عربی ؐ کے نظام کو نافذ کرنے کیلئے عاشقانِ مُصطفیٰؐ اور غلامان ِ مصطفیؐ کا اتحاد وتعاون ضروری ہے۔ علماء و مشائخ اس میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں ۔

اس موقع پر امیر جماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمد، پیر سید حُسنی مُبارک ،نائب امیر صوبہ مولانا جاوید احمد قصوری اور امیرضلع خانیوال افتخارالحسن چوہدری نے بھی خطاب کیا۔ جبکہ پیر سید ظہوراسماعیل شاہ ، نائب امیر جماعت اسلامی پنجاب چوہدری عُزیر لطیف، نائب امرائے ضلع خانیوال حاجی محمد اشرف ، مہر نذرحُسین سنپال، ضلعی جنرل سیکرٹری چوہدری منگت علی تبسم، ضلعی ڈپٹی سیکرٹری محمد اسماعیل تاج، صدر الخدمت فاؤنڈیشن ضلع خانیوال راؤارتفاع ضیاء اللہ خاں ، ساجدالرحمٰن فاروقی، مہر نصراللہ خان نکیانہ، مہر عارف الزمان تھراج، سیف الرحمٰن طارق، شبیر حسین ثاقب، محمد ارشد چوہدری، ضرار خان، ملک حمید اللہ و دیگر بھی موجود تھے۔