33ویں یوم تاسیس پر ایم کیوایم (پاکستان ) کے تمام ذمہ داران و کارکنان کو کنوینر ڈاکٹرمحمد فاروق ستار کی دلی مبارکباد

ملک میں رائج جاگیردارانہ ، وڈیرانہ اور سردارانہ نظام ملک میں غریب ومتوسط طبقے کی حکمرانی کیلئے سب سے بڑی رکاوٹ ہے ، فاورق ستار

جمعہ 17 مارچ 2017 23:23

33ویں یوم تاسیس پر ایم کیوایم (پاکستان ) کے تمام ذمہ داران و کارکنان کو ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 مارچ2017ء) متحدہ قومی موومنٹ (پاکستان ) کے کنوینر ڈاکٹر محمد فاروق ستار نے کہا ہے کہ ملک میں انقلاب کی واحد نوید ایم کیوایم (پاکستان ) ہے جس نے 22اگست 2016ء کے بعدنہ صرف ملک مخالف نعرے کو مسترد کیا بلکہ اپنی حب الوطنی کا واضح ثبوت دیتے ہوئے ایم کیوایم لندن سے قطعی لاتعلقی کااظہار کیا ۔ ایم کیوایم کے 33ویں یوم تاسیس کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں انہوں نے کہاکہ ایم کیوایم (پاکستان ) کی تاریخ غریب ومتوسط طبقے کے حقوق کی جدوجہد سے عبارت ہے ، اس جدوجہد میں جہاں ذمہ داران و کارکنان نے اپنی جان و مال کی قربانیاں دیں ، قید و بند کی صعوبتیں برداشت کیں وہیں تمام تر نامساعد اور کٹھن حالات میں بھی ملک و قوم سے اپنی حب الوطنی کا رشتہ قائم رکھا ہے لیکن بدقسمتی سے ایم کیوایم (پاکستان ) کو آج بھی بعض قوتیں وہ جائز مقام اور حصہ دینے کیلئے تیار نہیں ہیں جس کی وہ حق دار ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ ملک میں رائج جاگیردارانہ ، وڈیرانہ اور سردارانہ نظام ملک میں غریب ومتوسط طبقے کی حکمرانی کیلئے سب سے بڑی رکاوٹ ہے اور رکاوٹ کو بھی ایم کیوایم نے غریب ومتوسط طبقے سے تعلق رکھنے والے افراد کو منتخب ایوانوں میں بھیج کر دور کیا اور انشاء اللہ تعالیٰ ایم کیوایم (پاکستان ) کی جدوجہد اس وقت تک جاری رہے گی جب تک تمام مظلوم قومیتوں کو ان کے بنیادی اور جائز حقوق میسر نہیں آجاتے اور ملک سے ظلم و جبر اور اانصافی کا خاتمہ نہیں ہوجاتا ۔

انہوں نے کہاکہ ایم کیوایم (پاکستان ) کراچی سمیت سندھ کے شہری علاقوں کی نمائندگی رکھتی ہے اور ملک بھر میں اس کا فکر و فلسفہ اورنظریہ پھل پھول رہا ہے اور مستقبل میں ایم کیوایم (پاکستان ) ملک کی تمام مظلوم قومیتوں کیلئے خوشحالی اور ترقی کی راہیں استوار کرلے گی اور اس سلسلے میں انصاف کے تمام تقاضوں کو پورا کرکے دم لے گی ۔انہوں نے ایم کیوایم کے تمام شہداء کو زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہاکہ شہداء کی لازوال قربانیاں رائیگاں نہیں جانے دی جائیں گی اور لاپتہ اور اسیر کارکنان کیلئے ایم کیوایم (پاکستان ) کی پالیسی میں کوئی تبدیلی نہیں آئی ہے اور ایم کیوایم (پاکستان ) تمام لاپتہ اور اسیر کارکنان کی رہائی اور بازیابی کیلئے ہر سطح پر آواز بلند کرتی رہے گی ۔

ڈاکٹر فاروق ستار نے ایم کیوایم کے تمام شعبہ جات ، ونگز کے ذمہ داران ، ٹائونز آرگنائزر ، یوسی آگنائزر ، کارکنان ،حق پرست میئر کراچی وسیم اختر ، ڈپٹی میئر ارشد وہرا ، ڈسٹرکٹ کے حق پرست چیئرمینر ، وائس چیئرمین اور کونسلروں کو 33ویں یوم تاسیس کی دلی مبارکباد پیش کی اور کہا کہ تمام ذمہ داران و کارکنان اپنے درمیان یکجہتی اور اتحاد قائم رکھیں انشاء اللہ مظلوموں کے حقوق کی جدوجہد جلد اپنی منزل مقصود تک پہنچے گی ۔