کراچی کی آبادی کا صحیح تعین کرنے کیلئے کراچی میں جاری خانہ شماری میں مزید دو روز کا اضافہ کیا جائے، ڈاکٹر فاروق ستار

کراچی میں خانہ شماری کیلئے معمور عملے کی تعداد کم ہے جس کے باعث مقررہ وقت میں خانہ شماری مکمل نہیں ہوسکتی، بیان

جمعہ 17 مارچ 2017 23:23

کراچی کی آبادی کا صحیح تعین کرنے کیلئے کراچی میں جاری خانہ شماری میں ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 مارچ2017ء) متحدہ قومی موومنٹ (پاکستان) کے کنوینر ڈاکٹر فاروق ستار نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ کراچی کی آبادی کا صحیح تعین کرنے کیلئے کراچی میں جاری خانہ شماری میں مزید دو روز کا اضافہ کیا جائے تاکہ تمام گھرانوں کا شمار ممکن ہوسکے۔ اپنے ایک اہم پالیسی بیان میں ڈاکٹر محمد فاروق ستار نے کہا کہ کراچی کو خانہ شماری کیلئے دو حصوں میں تقسیم کیا گیا ہے لیکن آج تیسرے روز بھی اس کے نصف حصے یعنی 7000رہائشی بلاکس میں سے 35فیصد حصہ خانہ شماری سے محروم رہ گیا ہے ۔

انہوں نے کہاکہ ملک میں 19 سال بعد ہونے والی مردم شماری کے سلسلے میں جاری خانہ شماری کا آج آخری دن ہے جس کے بعد 18 مارچ سے ان اضلاع میں مردم شماری کا آغاز کیا جائیگا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کراچی ڈھائی کروڑ سے زائد آبادی پر مشتمل شہر ہے جہاں اس وقت چھٹی مردم شماری کے سلسلے میں خانہ شماری جاری ہے لیکن ملک کے دیگر حصے کے برخلاف کراچی میں تاحال خانہ شماری مکمل نہیں ہوسکی ہے اور ابھی بھی کراچی کی آبادی کا ایک بڑا حصہ ایسا ہے جہاں خانہ شماری نہیں ہوئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ کراچی میں خانہ شماری کیلئے معمور عملے کی تعداد کم ہے جس کے باعث مقررہ وقت میں خانہ شماری مکمل نہیں ہوسکتی۔انہوں نے کہاکہ خانہ شماری مکمل نہ ہونے کی وجہ سے کراچی میں ش کے نمبرز نہیں بڑھ پائے ہیں جس کا اثر مردم شماری پر پڑے گا اور کراچی کی آبادی کا صحیح تعین نہیں ہوسکے گا۔ ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ کراچی میں خانہ شماری کو مکمل کرنے کیلئے کم از کم دو دن کا اضافہ اور عملے کی تعداد میں اضافہ ناگزیر بن چکا ہے جبکہ لاکھوں شہری اپنی خانہ شماری نہ ہونے سے تذبذب کا شکار بھی ہیں اور انہیںاس بے چینی سے نکالنے کیلئے خانہ شماری میں دو دن اور عملے کی تعداد میں بڑھانے کا بلاتعطل اور فی الفور اعلان کیاجائے تاکہ ہر شہری خانہ شماری کے عمل کا حصہ بن سکے ۔

متعلقہ عنوان :