کراچی کے ضلع وسطی میں پہلے پولیس رپورٹنگ سینٹر کا افتتاح

پولیس رپورٹنگ سینٹر عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی میں سنگ میل ثابت ہوگا، آئی جی سندھ

جمعہ 17 مارچ 2017 23:17

کراچی کے ضلع وسطی میں پہلے پولیس رپورٹنگ سینٹر کا افتتاح
کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 مارچ2017ء) آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ نے امروز تھانہ گلبرگ کی حدود میں ضلع وسطی کے پہلے پولیس رپورٹنگ سینٹر کا افتتاح کیا۔ اس موقع پرایڈیشنل آئی جی کراچی مشتاق احمد مہر، ڈی آئی جی ویسٹ سمیت دیگر زونل و ضلعی پولیس افسران بھی موجود تھے۔ پولیس رپورٹنگ سینٹر کی افتتاحی تقریب سے اپنے خطاب میں آئی جی سندھ نے کہا کہ اس اقدام سے جہاں پولیس اور عوام کے مابین فاصلے کم ہونگے وہیں تھانوں کا روایتی کلچر بھی بتدریج ختم ہوتا ہوا دکھائی دیگا اور جلد ہی اس کے مثبت ثمرات عوام کو منتقل ہونا شروع ہوجائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ جلد ہی اس عمل کو وسعت دیکر شہر بھر میں تھانوں کی سطح پر ایسے ہی مراکز قائم کئے جارہے ہیں، ان سینٹرز پر عوام کو ون ونڈو آپریشن کے تحت تمام تر سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائیگا جن میں ایف آئی آرز کا اندراج، پولیس ویریفیکشن /کریکٹر سرٹیفیکٹس، مصالحتی عمل، تنازعات کا حل ،گھریلو ملازمین کی رجسٹریشن وغیرہ قابل ذکر ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ جدید سہولیات اور باصلاحیت پولیس افسران واہلکاروں سے آراستہ ان مراکز پر عوام کے مفاد اور ان کے احترام سمیت ان کے مسائل ومشکلات کے اذالوں کو ہر سظح پر ترجیح دی جائیگی اور ہر سینٹر پر غیرجانبدارانہ برتاؤ قانون پسند شہریوں کا استقبال کریگا ۔ آئی جی سندھ نے کہا کہ پولیس کو عوام کا تابع بنانا اور اس کے جملہ امور کو جدید اور ماڈرن خطوط سے آراستہ کرنا میری خواہش تھی کیونکہ میری دانست میں جرائم کے خلاف جنگ میں اگر کامیابی اور کارکردگی کو یقینی بنانا ہے تو عوام اور پولیس کو ایک ہی پلیٹ فارم پر لانا ہوگا اور ایسا صرف اس وقت ہی ممکن ہوسکتا ہے جب پولیس اور عوام کے مابین دوستانہ ماحول کے فروغ کے عملی اقدامات کو ناصرف یقینی بنایا جائے بلکہ ایک ایسی فضاء اور ماحول بنایا جائے کہ ہر شہری پولیس کی مدد ایک فرض سمجھ کر انجام دے ۔

انہوں نے کہا کہ حکومت سندھ نے پولیس کی کارکردگی کو ہمیشہ سراہا ہے اور ہر سطح پر پولیس کی فلاح کے ساتھ ساتھ سے عوام کے مفاد کو اپنی تمام تر پالیسی کا حصہ بنایا ہے جس کا بین ثبوت پولیس رپورٹنگ سینٹرز کا قیام اور اس ضمن میں بروقت وسائل فراہم ہیں۔ آئی جی سندھ نے مذید کہا کہ پولیس کے موجودہ نظام کو عوام کی امنگوں کے عین مطابق بنانا، انہیں ٹریفک جام جیسے مسائل سے نجات دلانا، ڈرائیونگ لائسنس کے اجراء کو آسان بنانا، مددگار 15 کال سینٹرز کے جملہ امور کو جدید اور مفاد عامہ کے تقاضوں کے عین مطابق بنانا میری تمام تر ترجیحات کا حصہ ہیں اور اس سلسلے میں حکومت بھی اپنے ہر ممکن تعاون کو یقینی بنا رہی ہے تاہم ضرورت اس امر کی ہے کہ اس عمل میں کمیونٹیز کے انفرادی اور اجتماعی کردار کو بھی یقینی بنایا جائے جوکہ بلاشبہ نظریہ کمیونٹی پولیسنگ کے فروغ ہی سے ممکن ہے ۔

اس موقع پر ڈی آئی جی ویسٹ نے اپنے خطاب کے دوران کہا کہ آئی جی سندھ کی قیادت میں پوری پولیس فورس متحد ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئی جی سندھ کے ہر سطح پر غیرجانبدارانہ اقدامات سے باالخصوص پولیس کا مورال بلند ہوا ہے۔ انہوں نے پولیس ریکروٹمنٹ کے عمل میں میرٹ اور اہلیت کو یقینی بناکر یہ ثابت کر دیا ہے کہ عوام کی خدمت ہی دراصل محکمہ پولیس سندھ کی عظمت اور بلندی کا باعث ہے اور قانون پسند شہریوں کی عزت، ان کے ساتھ مثبت برتاؤ اور ان کا احترام ہی جرائم کے خلاف یقینی کامیابیوں کی ضامن ہے۔

متعلقہ عنوان :