ایف پی ایس سی کا ملازمتوں پر تقرری کیلئے تحریری امتحانی مرکز سکردو میں قائم کرنے کا نوٹیفکیشن جاری

جمعہ 17 مارچ 2017 22:55

سکردو (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 17 مارچ2017ء)فیڈرل پبلک سروس کمیشن کا ملازمتوں پر تقرری کیلئے تحریری امتحانی مرکز سکردو میں قائم کرنے کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری ،جس کے مطابق 11جون 2017کے بعد کمیشن کے تحت ہونے والے امتحانات کیلئے سکردو میں قائم سینٹر میں امیدوار امتحان دے سکیں گے۔ وفاقی پبلک سروس کمیشن کے اس اقدام سے بلتستان کے چاروں اضلاع سکردو ،گانچھے ،کھرمنگ،شگر کے ہزاروں امیدواروں کو فائدہ پہنچے گا۔

اس ضمن میں گزشتہ روز سپیکر قانون ساز اسمبلی حاجی فدا محمد ناشاد نے اسلام آباد ایف پی ایس سی کے اعلیٰ حکام سے ملاقات کر کے سکردو میں سینٹر کے قیام کا مطالبہ دہرایا تھا جبکہ وزیر تعلیم ابراہیم ثنائی بھی اس ضمن میں کوشش کر تا رہاتھا ۔ٹیچرز ایسو سی ایشن بلتستان نے بھی اس سینٹر کے قیام کیلئے ایف پی ایس سی چیئر مین سے سال 2012سے خط و کتابت کے ذریعے رابطے میں تھے ان تمام کوششوں کے نتیجے میں چیئر مین و سیکریٹری وفاقی پبلک سروس کمیشن نے آج سکردو میں سینٹر کا قیام کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے ۔

(جاری ہے)

ٹیچر ز ایسو سی ایشن بلتستان کے صدر قمر عباس نے سکردو میں وفاقی پبلک سروس کمیشن کے سینٹر کے قیام پر وفاقی پبلک سروس کمیشن کے چیئر مین ایف پی ایس سی کے سیکریٹری کا شکریہ ادا کیا ہے ۔اس ضمن میں خصوصی کوششوں پر سپیکر جی بی اسمبلی حاجی فدا محمد ناشاد ،وزیر تعلیم ابراہیم ثنائی اور دیگر ارکان اسمبلی و اراکین کونسل کا بھی شکریہ ادا کیا ہے اور کہا ہے کہ محکمہ تعلیم سمیت اب دیگر محکموں کے سکیل 16سے اوپر کی آسامیوں پر تقرر ی کیلئے امتحان سکردو میں منعقد ہونے سے ہزاروں امیدواروں کو گھروں کے دہلیز پر یہ سہولت میسر آئے گی اور گلگت و اسلام آباد کے سفر کی ضرورت نہیں پڑے گی۔ان خیالات کا اظہار قمر عباس ڈویژنل صدر ٹیچر ز ایسو سی ایشن بلتستان سکردو نے کیا۔