کسٹم انفورسمنٹ نے دبئی سے اسمگل شدہ کروڑوں روپے کے موبائل پکڑ لئے

ملزمان گاڑیوں سمیت گرفتار، موبائل فونز کی آٹوپارٹس کے نام پر کلیئرنس کی گئی جسے تمام اداروں نے کلیئر کردیا تھا

جمعہ 17 مارچ 2017 22:51

کسٹم انفورسمنٹ نے دبئی سے اسمگل شدہ کروڑوں روپے کے موبائل پکڑ لئے
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 مارچ2017ء) دبئی سے اسمگل شدہ 4 کروڑ 80 لاکھ کے اسمارٹ فون برآمد، ملزمان 2 سوزوکیوں سمیت دھرلیے گئے۔ تفصیلات کے مطابق کسٹم انٹیلی جنس انفورسمنٹ نے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ اے ایف یو کارگو کلیئرنس ڈیپارٹ اور کسٹم سمیت دیگر اداروں کی جانب سے کلیئر ہونے والے آٹو اسپیئر پارٹس کے سامان سے 12 سو موبائل اسمارٹ فونز برآمد کرلئے اور 2 ملزمان اور 2 سوزوکی جس میں اسمگل شدہ موبائل رکھے ہوئے تھے تحویل میں لے لئے۔

ڈائریکٹر کسٹم آئی اینڈ آئی انفورسمنٹ کے مطابق دبئی سے آنے والے سامان کو الآمنہ ٹریڈنگ کمپنی صدر کراچی (این ٹی این 2932024) نے فلائٹ نمبر EK-602 سے آٹو پارٹس کے نام پر امپورٹ کیا تھا اور سامان کی صرف آٹو پارٹس کے نام پر ہی کلیئرنس کرائی گئی۔

(جاری ہے)

کسٹم انفورسمنٹ نے خفیہ اطلاع پر 2 سوزوکیوں میں منتقل ہونے والے سامان کی جب کلیئرنس کے بعد چیکنگ کی تو ایک بڑے کاٹن سے 12 سو اسمارٹ فون برآمد ہوئے جبکہ اسمگل شدہ موبائل کا کلیئرنس کاغذات میں کوئی ذکر موجود نہیں تھا۔

کسٹم انفورسمنٹ کے عملے نے دونوں سوزوکیوں نمبر KH-9472 اور KP-0677 کو تحویل میں لے کر ڈرائیوروں کو بھی حراست میں لے لیا اور مزید تحقیقات کیلئے کسٹم ڈائریکٹریٹ محمود آباد منتقل کردیا۔ اسمگل شدہ موبائل فونز کی قیمت عالمی مارکیٹ میں 4 کروڑ 80 لاکھ بتائی جاتی ہے۔ جبکہ ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے۔ واضح رہے کہ آٹو پارٹس کے نام پر دبئی سے آنے والے سامان کارگو کلیئرنس سیکشن، جیری ڈناٹا، کسٹم سمیت دیگر تمام اداروں نے کلیئر کردیا تھا۔

متعلقہ عنوان :