کراچی، ہول سیل مارکیٹ سے دودھ مہنگاملنے پر دودھ فروشوں کا احتجاج جاری

نرخ کم نہ کیے جانے پر آل کراچی ملک ریٹیلرز ایسوسی ایشن نے دکانیں بند کردیں قیمتیں کم نہ کیے جانے پر ہڑتال جاری رہے گی

جمعہ 17 مارچ 2017 22:51

کراچی، ہول سیل مارکیٹ سے دودھ مہنگاملنے پر دودھ فروشوں کا احتجاج جاری
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 مارچ2017ء) ہول سیل مارکیٹ سے دودھ مہنگاملنے پر دودھ فروشوں کا احتجاج جاری ، نرخ کم نہ کیے جانے پر آل کراچی ملک ریٹیلرز ایسوسی ایشن نے دکانیں بند کردیں قیمتیں کم نہ کیے جانے پر ہڑتال جاری رہے گی ، تفصیلات کے مطابق کمشنر کراچی کی جانب سے دودھ کے نرخ 80روپے مقرر کیے جانے اور فروخت کیے جانے کی پابندی عائد کی جانے کے بعد سینکڑوں کی تعداد میں دودھ فروشوں نے کراچی پریس کلب کے باہر جمعرات کی شام سے دھرنا دے دیا، مظاہرین نے بینرز اور پلے کارڈز اٹھارکھے تھے ، اور دودھ کے ہولسیلرزکے اضافے کے خلاف نعرے بلند کررہے تھے ، یہ دھرنا جمعہ کی شام بھی بہ دستور جاری رہا جس کے باعث سرور شہید روڈ ک، کلب روڈ کی سٹرکوں پر ٹریفک جام ہوگیا ، انتظامیہ نے متعدد بار دودھ فروشان سے بات کی مگر انہوں نے دھرنا ختم کرنے سے انکار کردیا، اس موقع پر آل کراچی ملک ریٹیلرز ایسوسی ایشن کے صدر حافظ نثار گدی ، چیف سیکریٹری اقبال ناگوری ،امجد علی ،عبدالوحید گدی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ اس وقت دودھ کے ریٹلرز کو 82روپے 83پیسے فی لیٹرمل رہاہے جبکہ انتظامیہ اس بات پر بضد ہے کہ دودھ 80روپے فی لیٹر فروخت کیاجائے ، اب ظاہر کی بات ہے کہ دودھ کاکاروبار کرنے والے دکاندار نقصان میں کس طرح دودھ فروخت کرسکتے ہیں ، لہذا انہوں نے اپنی دکانیں بند کرکے احتجاج شروع کردیاہے جو اس وقت تک جاری رہے گا جب تک ہولسیلرزسے دودھ کے ریٹ کم نہیں کرائے جائینگے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ اس ملک کے اندر جنگل کاقانون راج ہے جس کے تحت انتظامیہ چوروں کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کرتی مگر جو لوگ رزق حلال کماتے ہیں انہیں تنگ کیاجاتاہے انہوں نے کہاکہ ہمارے لاتعداد ریٹیلرز کو چھاپہ مار کرمہنگا دودھ فروخت کرنے کے الزام میں گرفتار کرلیاگیاہے جبکہ دودھ مہنگاکرنے کے اصل ذمہ دار ان کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی جارہی ہے ہمارا مطالبہ ہے کہ حکومت اور انتظامیہ ہولسیل ریٹ دیکھنے کے بعد دودھ فروخت کرنے کے لیے سرکاری نرخ مقرر کرے ، ورنہ مہنگا دودھ خرید کر اسے سستے داموں کرنے کے حکم نامے کے خلاف اپنے احتجاج کو جاری رکھیں گے ۔

اس پر کمشنر کراچی نے دودھ فروشان سے مذکرات کیے اور یقین دہانی کرائی کے آئندہ منگل کے روز تک تمام معاملات کودیکھ کر حکمت عملی تیار کی جائے گی جس پر دودھ فروشوں نے اپنا دھرنا ختم کردیا۔

متعلقہ عنوان :