ملک کو ویلفیئر اسٹیٹ بنانے کی ضرورت ہے ، جب تک قوم کھڑی نہیں ہو گی یہ نظام تبدیل نہیں ہو گا ‘ تہمینہ درانی

پاکستان پہلا مسلم نیوکلیئر سٹیٹ بن سکتا ہے تو پہلا مسلم ویلفیئر سٹیٹ کیوں نہیں بن سکتا ، (ن) لیگ جاوید لطیف کو پارٹی سے نکالے

جمعہ 17 مارچ 2017 22:28

ملک کو ویلفیئر اسٹیٹ بنانے کی ضرورت ہے ، جب تک قوم کھڑی نہیں ہو گی یہ ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 مارچ2017ء) تہمینہ درانی فائونڈیشن کی سربراہ تہمینہ درانی نے کہا ہے کہ ملک کو ویلفیئر اسٹیٹ بنانے کی ضرورت ہے ، جب تک قوم کھڑی نہیں ہو گی یہ نظام تبدیل نہیں ہو گا ، اگر پاکستان پہلا مسلم نیوکلیئر سٹیٹ بن سکتا ہے تو پہلا مسلم ویلفیئر سٹیٹ کیوں نہیں بن سکتا ، ملک میں حکومت کہیں نہیں ہے ، (ن) لیگ قدم بڑھائے اور جاوید لطیف کو پارٹی سے نکالا جائے۔

ان خیالات کا اظہار انہو ں نے تہمینہ درانی فائونڈیشن کی جانب سے لبرٹی گول چکر پر فاخرہ یونس کے انصاف کے لئے کیے جانیوالے مظاہرے کے موقع پر میڈیاسے گفتگو کر تے ہوئے کیا ۔ تہمینہ درانی نے کہا کہ فاخرہ یونس کے چہرے پر تیزاب پھینکا گیا،اس کی 38سرجریاں ہونے کے باوجود اس نے ظلم برداشت کیا ، چار سال گزر چکے ہیںلیکن ملزمان کا احتساب نہیں ہوا مگر آج میںہر سال 17مارچ کو فاخرہ یونس ڈے کے طور پر منانے کا اعلان کر تی ہوں اور ملزمان کو قرار واقعی سزاد لوا کر دم لو ں گی ۔

(جاری ہے)

انہو ں نے کہا کہ جب تک قوم کھڑی نہیں ہوگی ،یہ نظام تبدیل نہیں ہوگا، جب تک حکومت تیزاب تک رسائی پر پابندی عائد نہیں کر ے گی تب تک عورتیں جلائی جا تی رہیں گی ، جب جرنیلوں ، سیاستدانوں اور صنعتکاروں کی بیٹیوں کے چہروں پر تیزاب ڈالا جائے گا تو پھر یہ قوم کھڑی ہوگی۔ انہو ں نے کہا کہ افسوس کہ ا س اتنے بڑے اسلامی ملک میں اس بیچاری مظلوم فاخرہ کو پنا ہ نہ مل سکی لیکن میں اٹلی کو سلام کر تی ہوں کہ اس ملک نے ایک غیر مسلم ملک ہونے کے باوجود اس کو پناہ دی ۔

انہو ں نے کہا کہ اس ملک کو عبدالستار ایدھی کے فلسفے کے مطابق ویلفیئر اسٹیٹ بنانے کی ضرورت ہے، اگر پاکستان پہلا مسلم نیوکلیئر سٹیٹ بن سکتا ہے تو پہلا مسلم ویلفیئر سٹیٹ کیوں نہیں بن سکتا ۔پاکستان میں حکومت کہیں نہیں ہے ، باتیں نہیں عملدرآمد کی ضرورت ہے ، اس ملک کو سوشل ویلفیئر سٹیٹ بنا نا قیادت کی ذمہ داری ہے ۔ ایک سوال کے جواب میں تہمینہ درانی نے کہا کہ جاوید لطیف نے مراد سعید کوگالی دے کر پو رے خیبرپختونخواہ کو تھپڑ مارااور مجھے بھی تھپڑ مارے جانے کے مترادف ہے، (ن) لیگ ایک قومی جماعت ہے، قدم بڑھائے اور جاوید لطیف کو پارٹی سے نکالا جائے، خیبر پختو نخواہ کے رکن اسمبلی کو گالی دینے سے (ن)لیگ پر پو رے خیبرپختونخواہ کے دروازے بند ہو گئے ہیں ۔

متعلقہ عنوان :