Live Updates

عمران خان بیساکھیوں کاسہارالیکرلولی لنگڑی سیاست کررہے ہیں،امیرمقام

پختون دہشتگردنہیں بلکہ دہشتگردی نےسب سےزیادہ نقصان پختونوں کوپہنچایا،آپریشن ردالفسادکےذریعے دہشتگردوں کومنطقی انجام تک پہنچا کردم لیں گے،وزیراعظم کے مشیرکاخطاب

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعہ 17 مارچ 2017 19:57

عمران خان بیساکھیوں کاسہارالیکرلولی لنگڑی سیاست کررہے ہیں،امیرمقام
 گوجرانوالہ(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔17مارچ2017ء) : مشیر وزیراعظم انجینئر محمد امیرمقام نے کہا ہے کہ حکومت پاکستان پختونوں کے مسائل کے حل کیلئے سنجیدگی سے عمل پیرا ہے ان کے جائز تحفظات بہت جلد دور کئے جائیں گے اور مشکل کی اس گھڑی میں کسی صورت پیچھے نہیں ہٹیں گے وزیر اعظم محمد نواز شریف صرف ایک قوم یا صوبے کے لیڈر نہیں بلکہ پوری پاکستانی عوام اور امت مسلمہ کے لیڈر ہیں ۔

انہو ں نے کہا کہ حکومت پختونوں کے مسائل سے بخو بی آگاہ ہے اور ان کے حل کے لئے ٹھو س اقدامات کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم میاں محمد نوازشریف کی قیادت میں متحد ہیں اور مل جل کر ان کے ہاتھ مضبوط کریں گے۔ انہو ں نے کہاکہ پختون دہشت گرد نہیں کیونکہ دہشت گردی سے جتنا نقصان پختونوں کو پہنچا ہے اتنا کسی کو نہیں پہنچا۔

(جاری ہے)

انہو ں نے کہا کہ زندگی امانت ہے مجھ پر7 مرتبہ حملے ہو ئے اور ساتوں مرتبہ اللہ تعالی نے جان بخشی کی۔

انہوں نے کہا کہ سیاست چمکانے والوں کو پاکستان کی ترقی ہضم نہیں ہو رہی اور وہ مختلف حیلوں بہانوں سے ملک کی بدنامی کا باعث بن رہے ہیں۔ ان خیالات کاا ظہار انہوں نے گوجرانوالہ میں منعقدہ پختون کنونشن سے خطاب کرتے ہو ئے کیا۔‘ چیئرمین امن کمیٹی برائے بین المذاہب پاکستان مولانا رجیع اللہ ہزاروی‘ سینئر پختون راہنما شہزادہ خان‘ غلام صدیق قیومی‘ حاجی محبت خاں‘ سید علی شاہ‘ نوجوان راہنما محمد ولی جان خان‘ جنرل سیکرٹری ٹرانسپورٹ گوجرانوالہ اورنگزیب خان‘ پختون فلاحی تنظیم کے مختلف عہدیداران اور کارکنوں نے کثیر تعداد میں شر کت کی۔

مشیر وزیراعظم پاکستان انجینئر محمد امیر مقام نے کہا کہ پختون قوم محب وطن ہے اور پاکستان کی سلامتی و سا لمیت کے لئے ہر جنگ لڑی جا رہی ہے اور اپنی جانوں کے نذرانے پیش کر رہی ہے جب پاکستان اور انڈیا کا ساتھ دینے کی باری آئی تو پختونوں نے پاکستان کے تحفظ کیلئے ہر قسم کی قربانی دینے سے دریغ نہ کیا۔ انہوں نے کہاکہ دہشت گرد ہم سب کا دشمن ہے وزیر اعظم پاکستان میاں محمد نوازشریف ملک بھر میں اور وزیر اعلی پنجاب محمد شہبازشریف صوبہ پنجاب بھر میں دہشت گردی کے خاتمہ کیلئے انتھک کاوشیں کر رہے ہیں اور ملک میں آپریشن ضرب عضب کی کامیابی کے بعد ردالفساد بھی جاری ہے جو دہشت گردوں کو منطقی ا نجام تک پہنچا کر دم لیں گے۔

اس کے علاوہ ملک بھر میں سرچ آپریشن بھی جاری ہے جس کے تحت گھر گھر جامہ تلاشی لی جا رہی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان مسلم لیگ (ن) پورے پاکستان کی پارٹی ہے او راس کے 80 فی صد کارکن نظریاتی ہیں جو پاکستان کی ترقی و خوشحالی کے خواہاں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی قیادت کے حوصلے بلند ہیں اور وہ نئے عزم و یقین کے ساتھ ملکی ترقی و خوشحالی کے لئے دن رات کو شاں ہیں اور عمران خان صرف تنقید برائے تنقید کا سہارا لے کر اپنی سیاست چمکا رہے ہیں انہیں پاکستانی عوام کا کو ئی دکھ درد نہیں۔

وزیر اعلی پنجاب نے لاہور میں پی ایس ایل کامیچ کرواکر امن کی نئی راہیں کھو لیں اور عمران خان کو بھی میچ دیکھنے کی دعوت دی جس پر عمران خان نے پوری ٹیم کے کھلاڑیوں کو پھٹیچر اور مختلف برے القاب سے پکارا اور ان کے خلاف گندی زبان بول کر پوری دنیا کو غلط پیغام دیا او رملکی ساکھ کو نقصان پہنچا جبکہ وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف نے نیک نیتی کے ساتھ میچ کروایا جس کی کامیابی سے پاکستان کا دنیا بھر میں امیج بہتر ہوا اور پوری دنیا سے لوگ میچ دیکھنے آئی ۔

انہوں نے کہاکہ عمران خان سیاسی سیڑھی سے گر چکے ہیں اور بیساکھیوں کا سہارا لے کر لو لی لنگڑی سیاست کر رہے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ پختون برادری کے دل وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف اور میاں محمد شہباز شریف کے ساتھ دھڑکتے ہیں او ر حقیقی معنوں میں میاں برادران سے محبت کرتے ہیں ۔ انہو ں نے کہاکہ آپ کے حقوق کا تحفظ ہماری ذمہ داری ہے او رانہیں ہر قیمت پر پورا کریں گے ۔

ہم اپنی قیادت پر بھرپور اعتماد کا اظہار کرتے ہیں اور ہمارے قائد وزیر اعطم پاکستان میاں محمد نواز شریف پختونوں کو مایوس نہیں کر یں گے او ران کے جائز مطالبات اور مسائل ہر صورت حل کریں گے۔ قبل ازیں مشیر وزیر اعظم پاکستان انجینئر امیرمقام نے سرکٹ ہاؤس میں سکیورٹی کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کی اجلاس میں کمشنر گوجر انوالہ ڈویژن کیپٹن (ر) محمد آصف اور ریجنل پو لیس آفیسر محمد طاہر بھی موجود تھے اجلاس میں گوجرانوالہ ڈویژن میں مقیم پختونوں کے مسائل پر تفصیلی بات چیت کی گئی ۔

کمشنر محمد آصف اور ریجنل پو لیس آفیسر نے مشیر وزیر اعظم امیر مقام کو بتایا کہ پختونوں کو درپیش مسائل فوری حل کئے جا رہے ہیں اور اسی سلسلے میں ڈویژن بھر کے ڈپٹی کمشنرز اور ڈی پی اوزکو ہدایات جاری کر دی گئیں ہیں۔ انہوں نے کہاکہ آپریشن کے دوارن کسی کمیونٹی سے امتیازی سلوک نہیں کیا جائے گا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات