سیکورٹی فورسز نے ملک کے 7 علاقوں میں دہشت گردی کی سات بڑی کوششوں کو مؤثر طور پر ناکام بنایا‘ آئی ایس پی آر

جمعہ 17 مارچ 2017 21:48

سیکورٹی فورسز نے ملک کے 7 علاقوں میں دہشت گردی کی سات بڑی کوششوں کو مؤثر ..
راولپنڈی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 مارچ2017ء) سیکورٹی فورسز نے جاری آپریشن ردالفساد کے دوران ملک کے 7 علاقوں میں دہشت گردی کی سات بڑی کوششوں کو مؤثر طور پر ناکام بنایا۔ آئی ایس پی آر کی طرف سے جمعہ کو یہاں آپریشن ردالفساد سے متعلق اپ ڈیٹ کے مطابق سیکورٹی فورسز نے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن شروع کیا اور دہشت گردوں کے اڈہ پر کارروائی میں 5 دہشت گردوں کو ہلاک کیا جو صوابی میں جوڈیشل کمپلیکس پر حملہ کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔

21 فروری کو قانون نافذ کرنے والے اداروں کی فعال کارروائی سے تنگی چارسدہ کچہری پر دہشت گردی کے حملہ کو ناکام بنایا گیا۔ 17 مارچ کو شبقدر میں ایف سی کے تربیتی مرکز پر خودکش بمبار حملہ آوروںکی کوشش کو مؤثر طور ناکام بنایا گیا۔

(جاری ہے)

انٹیلی جنس بیسڈ اطلاع کے بعد حملہ کو ناکام بنایا گیا اور دونوں خودکش بمبار حملہ آور ہلاک ہوئے۔ 18 فروری، 26 فروری، 5 مارچ اور 17 مارچ کو افغانستان سے دہشت گردوں نے پاک‘ افغان سرحد پر مہمند، خیبرایجنسی اور جنوبی وزیرستان کے علاقوں پر پاکستانی چوکیوں پر حملہ کیا۔

سیکورٹی فورسز نے ان تمام کوششوں کو ناکام بنایا اور دہشت گردی کو بھاری نقصان پہنچایا، ان علاقوں میں 30 سے زائد دہشت گرد ہلاک ہوئے۔ اس عرصہ میں پاک فوج، فرنٹیئر کور اور فرنٹیئر کانسٹیبلری کے 9 افسر و جوان شہید ہوئے جبکہ 10 جوان اور 2 پولیس اہلکار زخمی ہوئے۔ انٹیلی جنس اور سیکورٹی اداروں کی طرف سے معلومات کے بروقت تبادلے، میڈیا کی مدد اور پاکستان کے عوام کے بھرپور تعاون کے باعث آپریشن ردالفساد میں کامیابی حاصل ہو رہی ہے۔

افغانستان کے علاقوں میں چھپے ہوئے دہشت گرد عناصر پاکستان میں دہشت گردوں کی معاونت کر رہے ہیں اور توقع ہے کہ افغان حکومت، اس کے سیکورٹی محکمے اور بین الاقوامی برادری ان عناصر کے باعث خطہ میں خراب ہوتی ہوئی صورتحال کی بہتری کیلئے اپنا مثبت کردار ادا کریں گے۔

متعلقہ عنوان :