پاکستان پیپلز پارٹی نے ہمیشہ تفریق سے بلاتر ہوکر ملک کی ترقی کیلئے کام کیا ہے ،سیدہ شہلا رضا

وزیراعظم نواز شریف کا دورہ ٹھٹھہ محض شیرازیوں کی خوشی کیلئے تھا،ڈپٹی اسپیکر سندھ اسمبلی کی ایمبولینس سروس کے افتتاح پر گفتگو

جمعہ 17 مارچ 2017 21:06

پاکستان پیپلز پارٹی نے ہمیشہ تفریق سے بلاتر ہوکر ملک کی ترقی کیلئے ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 مارچ2017ء) ڈپٹی اسپیکر سندھ اسمبلی سیدہ شہلا رضانے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے ہمیشہ تفریق سے بلاتر ہوکر پاکستان کی ترقی ،عوام کی خدمت اورفلاح کیلئے کام کیا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوںنے جمعہ کو سندھ پیپلز ایمبولینس سروس کے افتتاح کے موقع پرمیڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نواز شریف کا دورہ ٹھٹھہ محض شیرازیوں کی خوشی کیلئے تھاکیونکہ لوکل باڈی الیکشن میں ضلع ٹھٹھہ میں 36 میں سے 32سیٹیں جبکہ سجاول میں 26میں سے 22سیٹیں ن لیگ ہار گئی تھی اور دنیا جانتی ہے کہ کاروباری انسان ہمیشہ سیاست بھی فائدہ کیلئے کرتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ آج ٹھٹھہ اور سجاول کیلئے شروع کی جانے والی سندھ پیپلز ایمبولینس سروس نواز شریف اور ان کے اعلان کردہ پروگراموں کے منہ پر تماچا ہے۔

(جاری ہے)

سندھ کے عوام نواز شریف کی مطلب کی محبت سے باخوبی واقف ہے کیونکہ وہ جانتی ہے کہ ن لیگ کو پورے سندھ میں کوئی اپنا وفادار بھی نہ مل سکا جس کی وجہ سے سندھ کا گورنر بھی امپورٹ کروانا پڑا۔انہوں نے کہا کہ آج امن فائونڈیشن کے تحت پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت شروع ہونے والی ایمبولینس سروس مزید ترقی کرتے ہوئے دوسرے شہروں سمیت آہستہ آہستہ پورے صوبے میں اپنی خدمات انجام دیگی۔ آخر میں انہوں نے سندھ کے وزیراعلیٰ سید مرادعلی شاہ کی خدمات اور کام کو بھی سراہا۔