Live Updates

پنجاب میں پختونوں کے خلاف کارروائی کا غلط تاثر دیا گیا ‘ وزیر اعظم ایک صوبے نہیں پورے پاکستان کے لیڈر ہیں‘ عوام جانتے ہیں کہ عمران خان شخصیات اور اداروں کو گالیاں دینے میں شہرت رکھتے ہیں ‘ ذاتی مفادات کیلئے سیاست چمکانے والے قوم کے خیر خواہ نہیں ہو سکتے ‘ لسانی ایشوز پر سیاست کرنے والے پاکستان کے ساتھ مخلص نہیں

وزیر اعظم کے مشیر انجینئر امیر مقام کا گوجرانوالہ میں پختون کمیونٹی سے خطاب

جمعہ 17 مارچ 2017 18:32

گوجرانوالہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 17 مارچ2017ء) وزیر اعظم کے مشیر انجینئر امیر مقام نے کہاہے کہ پنجاب میں پختونوں کے خلاف کارروائی کا غلط تاثر دیا گیا ‘ وزیر اعظم نواز شریف ایک صوبے کے نہیں پورے پاکستان کے لیڈر ہیں‘ عوام بخوبی جانتی ہے کہ عمران خان شخصیات اور اداروں کو گالیاں دینے میں شہرت رکھتے ہیں ‘ ذاتی مفادات کے لئے سیاست چمکانے والے قوم کے خیر خواہ نہیں ہو سکتے ‘ دہشت گردو ں کی کوئی قوم یا مذہب نہیں ‘ انسانیت کے دشمن ہیں‘ لسانی ایشوز پر سیاست کرنے والے پاکستان کے ساتھ مخلص نہیں ۔

جمعہ کو گوجرانوالہ میں پختون کمیونٹی سے خطاب کرتے ہوئے امیر مقام نے کہا کہ غلط تاثر دیا گیا ہے کہ پنجاب میں پختونوں کے خلاف کارروائی کی جا رہی ہے۔

(جاری ہے)

وزیر اعظم نواز شریف ایک صوبے کے نہیں پورے پاکستان کے لیڈر ہیں۔ نواز شریف پختونوں ‘ سندھیوں ‘ بلوچوں ‘ پنجابیوں اور کشمیریوں کے لیڈر ہیں۔ وزیر اعظم کی سوچ یہ ہے کہ تمام لوگوں کو قومی دھارے میں شامل کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ قیام پاکستان سے اب تک کسی سیاسی لیڈر نے فاٹا کو قومی دھارے میں لانے کی کوشش نہیں کی۔ اپنے ذاتی مفادات کے لئے سیاست چمکانے والے ملک و قوم کے خیر خواہ نہیں ہو سکتے۔ لسانی ایشوز پر سیاست کرنے والے پاکستان کے ساتھ مخلص نہیں ۔ قوموں کو لڑانے والے سیاستدان ظلم کر رہے ہیں۔ امیر مقام نے کہا کہ دہشت گردی میں پختونوں کو سب سے زیادہ نقصان اٹھانا پڑ ا مجھ پر 7 بار حملہ کیا گیا اللہ نے محفوظ رکھا۔ دہشت گردوں کی کوئی قوم یا مذہب نہیں یہ انسانیت کے دشمن ہیں۔ مخالفین کو چیلنج کرتا ہوں کہ آئو اور پختونوں کا جذبہ دیکھو ۔ انہوں نے کہا کہ عوام بخوبی جانتے ہیں کہ عمران خان شخصیات اور اداروں کو گالیاں دینے میں شہرت رکھتے ہیں۔ …(رانا)
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات