وسیلہ تعلیم بچوں کو تعلیم دے کر پاکستان کا مستقبل وضع کر رہا ہے، وسیلہ تعلیم کے تحت پورے پاکستان کے 32 اضلاع کے پرائمری سکولوں میں 13 لاکھ بچوں کا اندراج ہوا ہے، بی آئی ایس پی کا ہدف اس تعداد کو جون 2017ء تک 16 لاکھ تک لے کر جانا ہے‘ دسمبر 2018ء تک وسیلہ تعلیم کو 50 اضلاع تک پھیلانا ہے

بی آئی ایس پی کی چئیرپرسن ماروی میمن کا عالمی بینک اور ڈی ایف آئی ڈی کے مشترکہ معاونی منصوبے کے جائزہ اجلاس سے خطاب

جمعہ 17 مارچ 2017 18:31

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 مارچ2017ء) وسیلہ تعلیم بچوں کو تعلیم دے کر پاکستان کا مستقبل وضع کر رہا ہے، وسیلہ تعلیم کے تحت پورے پاکستان کے 32 اضلاع کے پرائمری سکولوں میں 13 لاکھ بچوں کا اندراج ہوا ہے، بی آئی ایس پی کا ہدف اس تعداد کو جون 2017ء تک 16 لاکھ تک لے کر جانا ہے اور دسمبر 2018ء تک وسیلہ تعلیم کو 50 اضلاع تک پھیلانا ہے۔

ان خیالات کا اظہار بی آئی ایس پی کی چئیرپرسن، وزیر ِمملکت، ایم این اے ماروی میمن نے بی آئی ایس پی کے سیکرٹریٹ میں منعقدہ عالمی بینک اور ڈی ایف آئی ڈی کے مشترکہ معاونی منصوبے کے جائزہ اجلاس میں کیا۔ اجلاس میں عالمی بینک کی نمائندگی سینئر سماجی تحفظ کے ماہر امجد ظفراور ڈی ایف آئی ڈی کی نمائندگی معاشی ترقی کے مشیر مظہر سراج کر رہے تھے۔

(جاری ہے)

اجلاس کے دوران قومی معاشی اقتصادی اندراج کے تحت جاری گھر گھر سروے کے ابتدائی مرحلہ کے بارے میں مشن کو اپڈیٹ کیا گیا۔ قومی ملک گیر سروے کے طریقہ کار پہ بھی بات چیت کی گئی۔ عالمی بینک اور ڈی ایف آئی ڈی کے مشترکہ مشن نے اپنی قیمتی آراء اور تجاویز دیں۔ وسیلہ تعلیم کی اہمیت اور مضبوطی سے متعلق ڈی ایف آئی ڈی کا ایک ڈسبرسمینٹ لنک انڈیکیٹر (ڈی ایل آئی) ہے۔

ڈی ایل آئی پر بات چیت کے دوران انسانی وسائل کی مضبوطی پہ بھی زور دیا گیا تاکہ وسیلہء تعلیم کے بہتراثرات آئیں اور ان کے ذریعے بے مثال کامیابیاں سمیٹی جا سکیں۔اسی پسِ منظر میں بی آئی ایس پی کی انتظامیہ نے ادارے کے مختلف ونگز میںکام کرنیوالے قابل اور پر عزم ملازمین کو ان کا عہدہ تبدیل کرکے اور تبادلہ کے ذریعے وسیلہء تعلیم کے پروگرام میں لانے کا فیصلہ کیا ہے۔

یہ ملازمین فیلڈ کے دفاتر اور ہیڈکوارٹر سے لیے جائیں گے۔ان انسانی وسائل کا کام وسیلہء تعلیم کے اندراج کے عمل،اندراج کو برقرار رکھنا، بچوں کی حاضری، بی آئی ایس پی کے تحت قائم کردہ 50,000 عورتوں کی کمیٹیوں اور حصہ داراداروںکے کام کی دیکھ بھال کرنا ہوگا۔وسیلہء تعلیم کے ذریعے ہر وہ بی آئی ایس پی کی فائدہ اٹھانے والی عورت جن کے بچوں کی عمر 5 سی12 سال ہے اور ان کی حاضری 70 فیصد ہے ان کو ہر تین ماہ بعد 750 روپے ملتے ہیں جو ان کو ملنے والی غیر مشروط رقم ہے جوہرتین ماہ بعد 4834 روپے ملتی ہے کے علاوہ ہوتی ہے۔