لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں گذشتہ روز آسٹریلیا ڈے منایا گیا

آسٹریلین ہائی کمشنر مس مارگریٹ ایڈمسن، لاہور چیمبر کے عہدیداران و دیگر کی شرکت کی

جمعہ 17 مارچ 2017 19:01

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 مارچ2017ء) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں گذشتہ روز آسٹریلیا ڈے منایا گیا جس میں آسٹریلین ہائی کمشنر مس مارگریٹ ایڈمسن، لاہور چیمبر کے صدر عبدالباسط ، سینئر نائب صدر امجد علی جاوا، سلمان باسط، علی حسام اصغر، میڈم تہمینہ و دیگر نے شرکت کی اور دونوں ممالک کے بہترین دوستانہ تعلقات مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔

آسٹریلین ہائی کمشنر مس مارگریٹ ایڈمسن نے کہا کہ آسٹریلیا اور پاکستان سٹریٹجک پارٹنرز اور بہترین تعلقات کے حامل ہیں جو دونوں ممالک کے تاجروں اور عوام کے رابطوں کی بنیاد پر استوار ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کو تجارت و سرمایہ کاری کے نئے مواقع تلاش کرنے چاہئیں کیونکہ باہمی تجارت و سرمایہ کاری کو وسیع پیمانے پر وسعت دینے کی گنجائش ہے، پاکستان مختلف معاشی شعبوں میں آسٹریلیا کی مہارت سے فائدہ اٹھاسکتا ہے جبکہ تجارتی وفود کا تبادلہ بھی تجارت و سرمایہ کاری کو فروغ دینے میں کردار ادا کرسکتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستانی مصنوعات معیار میں بہترین اور آسٹریلوی مارکیٹ میں باآسانی جگہ بناسکتی ہیں لہذا پاکستانی تاجروں کو آسٹریلوی تاجروں کے ساتھ مشترکہ منصوبہ سازی پر توجہ دینی چاہیے۔ لاہور چیمبر کے صدر عبدالباسط نے کہا کہ پاکستان اور آسٹریلیا سپورٹس اور تعلیم سمیت دیگر کئی شعبوں میں مل کر کام کررہے ہیں ، دونوں ممالک کے تاجروں کے درمیان روابط کا فروغ یقینا بہترین نتائج کا حامل ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ گذشتہ سال اپریل میں آسٹریلوی تاجروں کے ایک وفد نے لاہور چیمبر کا دورہ کیا تھا جس کے جواب میں لاہور چیمبر کے ایک تجارتی وفد نے رواںسال فروری میں آسٹریلیا کا دورہ اور حلال ایکسپو 2017میں شرکت کی، لاہور چیمبر پبلک اور پرائیویٹ سیکٹرز سے بھی رابطے میں ہے اوربہترین تعاون مہیا کرنے پر آسٹریلین ہائی کمشنر کا مشکور ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تجارت دوارب ڈالر تک پہنچانے کی گنجائش ہے جس کے لیے مشترکہ کوششیں کرنا ہونگی۔

متعلقہ عنوان :