نجی ہسپتال ڈینگی ایکسپرٹس ایڈوائزری گروپ سے اپنے ڈاکٹرز کی ٹریننگ لازمی کروائیں ‘خواجہ سلمان رفیق

جمعہ 17 مارچ 2017 16:52

نجی ہسپتال ڈینگی ایکسپرٹس ایڈوائزری گروپ سے اپنے ڈاکٹرز کی ٹریننگ ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 مارچ2017ء) صوبائی وزیر برائے سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن خواجہ سلمان رفیق نے کہا ہے کہ نجی ہسپتال اپنے ڈاکٹرز کی تربیت ڈینگی ایکسپرٹس ایڈوائزری گروپ سے ضرور کروائیں ، ڈینگی مریضوں کے علاج کے لئے غیر تربیت یافتہ ڈاکٹرز کو تعینات کرنے والے نجی ہسپتالوں کے خلاف ایکشن لیا جائے گا - انہوں نے یہ بات سول سیکرٹریٹ میں کابینہ کمیٹی برائے ڈینگی کے اجلاس کی بذریعہ ویڈیو لنک صدارت کرتے ہوئے کہی - اجلاس میں رکن پنجاب اسمبلی لبنیٰ فیصل ، پیر اشرف کے علاوہ سیکرٹری پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ علی جان خان ،سپیشل سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر ڈاکٹر ساجد محمود چوہان ، سپیشل سیکرٹری پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ ڈاکٹر فیصل ظہور ، سیکرٹری ہاؤسنگ ، ایڈیشنل سیکرٹری محکمہ خزانہ ، ایڈیشنل سیکرٹری پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ ڈاکٹر آصف ، پی آئی ٹی بی ، محکمہ صحت اور دیگر متعلقہ محکموں کے سینئر افسران نے شرکت کی - راولپنڈی ، فیصل آباد ، گوجرانوالہ ، شیخوپورہ ، قصور ، جھنگ ، سرگودھا ، رحیم یار خان ، جہلم ،ملتان،اٹک ، بہاولپور کے کمشنرز ، ڈپٹی کمشنر ز اور چیف ایگزیکٹو آفیسرز ہیلتھ نے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس کی کارروائی میں حصہ لیا - ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ ڈینگی کنٹرول پروگرام ڈاکٹر فرح سلطان نے مختلف ڈسٹرکٹ میں ڈینگی کی صورتحال بارے بریفنگ دی اور ڈینگی کی روک تھام کے لئے جاری آؤٹ ڈور اور انڈور ڈینگی سرویلنس سے آگاہ کیا - چیف منسٹر ڈینگی ریسرچ سیل کے انچارج پروفیسر وسیم اکرم نے کہا کہ راولپنڈی ، اسلام آباد ، فیصل آباد اورلاہور میں ڈینگی سرویلنس آؤٹ ڈور اور انڈور دونوں جگہ پر خصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہے - اجلاس میں ڈینگی ایکسپرٹس ایڈوائزری گروپ کی سیکرٹری ڈاکٹر صومیہ اقتدار نے بتایا کہ لاہور میں ڈی ای اے جی نے 316 ڈاکٹرز کو ڈینگی کے مریض کے علاج بارے تربیت مکمل کر لی ہے جبکہ 277 ڈاکٹرز کو ڈویژنل سطح پر ٹریننگ دی گئی ہے - انہوں نے بتایا کہ پاکپتن ، خانیوال ، میانوالی ، اوکاڑہ ، حافظ آباد ، ڈی جی خان اور بہاولنگر کے ڈاکٹرز مقرر تاریخ پر ٹریننگ کے لئے نہیں آئے - وزیر صحت نے اس بات کا سخت نوٹس لیتے ہوئے ہدایت کی کہ تمام ڈاکٹرز ٹریننگ شیڈول پر سختی سے عمل کریں - وزیر صحت نے نرسوں کی ٹریننگ پر خصوصی توجہ دینے کی ہدایت کی - ایڈیشنل سیکرٹری ہیلتھ ( ٹیکنیکل ) ڈاکٹر آصف نے صوبے میں کانگو اور چکن گنیا کی بیماریوں کے بارے اپ ڈیٹ کیا -ڈاکٹر آصف نے بتایا کہ ملتان اور راولپنڈی ڈویژن میں کانگو کے اکا دکا کیس رپورٹ ہوئے تھے تاہم ہسپتالوں کو الرٹ کرنے کے علاوہ گائیڈ لائنز بھی جاری کر دی گئی ہیں - اجلاس میں ڈینگی کی روک تھام کے لئے قبرستانوں ، کباڑ خانوں ، تعمیراتی جگہوں کی خصوصی سرویلنس پر توجہ دینے کی ہدایت کی گئی - وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے ہدایت کی کہ ہسپتالوں کے ڈینگی فوکل پرسن ڈینگی کے ممکنہ اور کنفرم مریضوں کی روزانہ جیوٹیگنگ کریں - انہوں نے واضح کیا کہ کئی دن کے بعد مریضوں کا ڈیٹا اکٹھا ٹیگ کرنے والے فوکل پرسن کے خلاف کارروائی کی جائے گی - خواجہ سلمان رفیق نے ہدایت کی کہ ٹیچنگ ہسپتالوں کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹس ڈینگی کے مریضوں کے علاج کے انتظامات کی چیک لسٹ تیار کر کے انتظامات کو فائنل کر لیں کیونکہ ڈینگی کا موسم شروع ہو چکا ہے اور مریض آنے کی صورت میں علاج معالجہ کی تمام سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے -

متعلقہ عنوان :