وزیر اعظم عوام کے دلوں پر راج کرتے ہیں ‘ ریاض حسین پیرزادہ

الیکشن کے لئے ہر وقت تیار ہیں تاہم قبل از وقت انتخابات کی باتیں درست نہیں ‘امریکہ ایسا دوست ہے جس کی دوستی بھی بری اور دشمنی بھی بری ‘ حسین حقانی کے بیان پر جوڈیشل کمیشن بنایا جائے ‘ حسین حقانی کو انٹرپول کے ذریعے گرفتار کر کے پاکستان لایا جائے،پھر اس پر غداری کا مقدمہ چلایا جائے ‘ دہشتگردی کے مکمل خاتمہ کے لئے فوجی عدالتوں کی مدت میں توسیع ضروری تھی،وفاقی وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ ریاض حسین پیرزادہ کاپارلیمنٹ ہائوس کے باہر میڈیا سے بات چیت

جمعہ 17 مارچ 2017 16:27

وزیر اعظم عوام کے دلوں پر راج کرتے ہیں ‘  ریاض حسین پیرزادہ
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 17 مارچ2017ء) وفاقی وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ ریاض حسین پیرزادہ نے کہا ہے کہ وزیر اعظم نواز شریف عوام کے دلوں پر راج کرتے ہیں ‘ ہم الیکشن کے لئے ہر وقت تیار ہیں تاہم قبل از وقت انتخابات کی باتیں درست نہیں ‘امریکہ ایسا دوست ہے جس کی دوستی بھی بری اور دشمنی بھی بری ‘ حسین حقانی کے بیان پر جوڈیشل کمیشن بنایا جائے ‘ حسین حقانی کو انٹرپول کے ذریعے گرفتار کر کے پاکستان لایا جائے اور پھر اس پر غداری کا مقدمہ چلایا جائے ‘ دہشت گردی کے مکمل خاتمہ کے لئے فوجی عدالتوں کی مدت میں توسیع ضروری تھی۔

وہ جمعہ کو پارلیمنٹ ہائوس کے باہر میڈیا سے بات چیت کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کا پاکستان سپر لیگ کے دوران فکسنگ میں ملوث کھلاڑیوں کو ایف آئی اے سے سزا کا بیان درست ہے تاہم اتنی ہی کارروائی ہونی چاہیے جتنا قصور ہے۔

(جاری ہے)

یہاں اربوں روپے لوٹنے والے کو کوئی نہیں پوچھتا ‘ وفاقی وزیر نے کہا کہ دہشت گردی کے خاتمے کے لئے فوجی عدالتوں کی مدت میں توسیع ضروری تھی۔

معاشرے کی بہتری کے لئے پارلیمنٹ میں قانون سازی کا عمل جاری رہتا ہے۔ فوجی عدالتوں کے اچھے اثرات مرتب ہوں گے۔ فوج ‘ حکومت سمیت تمام ریاستی ادارے ایک پیج پر ہو کر کام کریں گے تب ہی دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کاخاتمہ ہو سکے گا۔ ریاض حسین پیرزادہ نے کہا کہ پانامہ میں وہ تاجر بزنس کرتے ہیںجو ٹیکس بچانا چاہتے ہیں ۔ پانامہ سمیت دنیا میں بہت ساری ایسی ریاستیں ہیں جہاں ٹیکس نیٹ کم ہوتا ہے۔

سارے تاجر وہاں بزنس کرنے کو ترجیح دیتے ہیں۔ وزیر اعظم نواز شریف کا پانامہ کیس سے کوئی تعلق نہیں جہاں قبل از وقت انتخابات کی بات ہے اس میں کوئی صداقت نہیں ہم ہر وقت الیکشن کیلئے تیار ہیں۔ وزیر اعظم قوم کے دلوں پر راج کر رہے ہیں ۔ ان کے پائے کا لیڈر اس وقت ملک میں نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ حسین حقانی نے اپنے بیان سے ملکی سالمیت کو نقصان پہنایا۔ امریکہ ایسا ملک ہے جس کی دوستی بھی بری اور دشمنی بھی بری ۔ حسین حقانی کے انکشافات پر جوڈیشل کمیشن بنایا جائے اسے انٹرپول کے ذریعے گرفتار کر کے لایا جائے اور ٹرائل کیا جائے۔